پٹنہ 25 ستمبر (اسٹاف رپورٹر): پٹنہ ہائی کورٹ سے شہاب الدین کو ملی ضمانت کے خلاف دائر رٹ پر سپریم کورٹ میں سوموار کو سنوائی ہوگی۔ اسے لے کر انتظامیہ نے احتیاطاََ سیوان میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔ معاملہ تیزاب کانڈ کے چشم دید راجیو روشن قتل کانڈ کا ہے۔ ایس پی سوربھ کمار ساہ نے سبھی تھانوں کو الرٹ کرتے ہوئے خصوصی نگرانی کا حکم دیا ہے۔ انہیں خصوصی گشتی اور گاڑی چیکنگ کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ علاقے پر خصوصی نظر رکھنے کے ساتھ ہی پٹرولنگ کی بھی ذمہ داری انہیں سونپی گئی ہے۔ مہاراج گنج اور سیوان کے ایس ڈی او اور ایس ڈی پی او کو اپنے اپنے علاقے میں قانون وانتظام کیلئے ذمہ دار بنایاگیا ہے۔ واضح ہوکہ راجیو روشن کے والد چندا بابو کے حلف نامہ پر سینئر ایڈووکیٹ پرشانت بھوشن نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے۔ اس پر گذشتہ سوموار کو سنوائی ہوئی تھی۔ اس پر سپریم کورٹ نے شہاب الدین سے 26 ستمبر کو جواب مانگا ہے۔ ریاستی حکومت نے بھی عرضی دائر کی ہے اس پر بھی سوموار کو سنوائی ہونی ہے۔ دونوں عرضیوں پر مشترکہ طور پر سنوائی چل رہی ہے۔
شہاب الدین معاملے پر سپریم کورٹ میں سنوائی آج
