پٹنہ؍نئی دہلی15 ستمبر (تاثیر بیورو): صحافی راج دیو رنجن قتل معاملے کی جانچ سی بی آئی کے سپرد کردی گئی ہے۔ مرکزی حکومت نے آج اس سلسلے میں ریاستی حکومت کی سفارش تسلیم کرتے ہوئے معاملے کی جانچ سی بی آئی کو سونپ دی۔ریاستی حکومت نے گذشتہ 16مئی کو ہی جنتا دربار کے دوران اس معاملے کی سی بی آئی سے جانچ کرانے کا اعلان کردیا تھا اور اس کے بعدمرکزی حکومت سے باقاعدہ اس معاملے کی سی بی آئی جانچ کی سفارش بھی کردی تھی۔ لیکن ابھی تک یہ معاملہ سی بی آئی کے سپرد نہیں کیا گیا تھا۔ شہاب الدین کی رہائی کے بعد راج دیو رنجن کی اہلیہ آشا رنجن نے اس معاملے پر دہلی میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور وزیر اعظم نریندرمودی سے ملاقات کرکے حالات سے بھی مطلع کیا تھا اور اس معاملے سے سی بی آئی سے جانچ کرانے کی اپیل کی تھی۔ سی بی آئی کو یہ معاملہ سونپے جانے کے فوراََ بعد اس نے شہاب الدین کے خلاف قتل اور آرمس ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے اور جلد ہی سی بی آئی کی ایک ٹیم سیوان جاکر قتل کے معاملے کی تحقیقات کرے گی۔ ذرائع کے مطابق سی بی آئی کی ٹیم معاملے کی جانچ کیلئے سیوان روانہ ہوچکی ہے۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ شہاب الدین کے معاملے میں قانون اپنا کام کررہا ہے۔ حکمراں اتحاد میں بھی اس معاملے میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ جمعرات کی شام نئی دہلی پہنچنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں بلاوجہ کی باتوں پر دھیان نہیں دینا چاہتا،کون کیا کہہ رہا ہے اس سے کوئی مطلب نہیں ہے۔ میں صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ قانون ا پنا کام کرتا رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ قصوروار کوئی بھی ہو،قانون میں سزا کا نظم ہے ،قصور ثابت ہونے پر کارروائی ہوگی۔ قانون سے بڑھ کر کوئی نہیں ہے۔ حکمراں اتحاد میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، اتحاد چٹان کی طرح مضبوط ہے۔
شہاب الدین کے خلاف راجدیو قتل کا مقدمہ
