ممتا بنرجی نے کیا کالمپونگ کو ضلع بنانے کا اعلان

کلکتہ22ستمبر (یو این آئی) شمالی بنگال کے تین روزہ دورے کے دوسرے دن وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کالمپونگ کو نیا ضلع بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انفراسٹکچرکیلئے 6کروڑ روپیہ مختص کیے گئے ہیں ۔کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں مختلف کمیونٹیوں کے بورڈ کے ممبران کو مبارک باد پیش کرتی ہوں میں ہر سال کالمپونگ لیپچا بورڈ کے یوم تاسیس کے موقع پر آتی ہوں ۔میں لیپچا بورڈکے ممبران کو شکریہ ادارکرتی ہوں کہ انہوں نے گزشتہ چار سالوں میں کئی اہم ترقیاتی کام کیے ہیں ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ لیپچا بورڈ نے 3000مکانات تعمیر کیے ہیں اور مزید ایک ہزار مکان تعمیر ہونے والے ہیں ۔اس کے علاوہ دارجلنگ کو صاف ستھرا بنانے کیلئے یہ تمام بورڈ اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں دارجلنگ دنیا کا سب سے خوبصورت مقام بنے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ یہاں فنڈ کی کمی نہیں ہے جتنے ترقیاتی کام ہوں گے فنڈ ملتا رہے گا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ مزید قبائلیوں کو ایس سی اور ایس ٹی کے تحت لایا جائے گا اور ان کی ترقی کیلئے بورڈ بھی بنایاجائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم دارجلنگ کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم نے دارجلنگ کیلئے آٹی آئی ، پولی ٹینک کالج، میڈیکل کالج کے قیام کا اعلان کیا ہے ۔ہم دارجلنگ کو تعلیمی ہب بنانا چاہتے ہیں ۔اس کے علاوہ سیاحت کو فروغ دینے کی بھی کوشش کررہے ہیں ۔شمالی بنگال کیلئے علاحدہ ٹی بورڈ ڈائریکٹریٹ بنایا گیا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پہاڑ پر کئی مشنری اسکول ہیں ۔ہمیں اس پر فخر ہے ۔ہمیں یہاں کہ نوجوانوں پر فخر ہے وہ آگے بڑھنا چاہتے ہیں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم پہاڑی عوام کے ساتھ ہیں اور ان کی ترقی کیلئے کام کرتے رہیں گے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ گرچہ انتخابات میں ہمیں یہاں ووٹ نہیں ملا مگرہم اس کے باوجود یہاں کیلئے کام کرتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اچھے کام کا کوئی متبادل نہیں ہے ۔آپ اچھا کام جاری رکھیں ہم تعاون کرتے رہیں گے ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کالمپونگ میں کئی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد بھی رکھا۔اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے گیتانجلی اور اسکالر شپ کنیا شری کے تحت طلباء کے درمیان چیک بھی تقسیم کیا۔