پٹنہ ؍نالندہ 08 ستمبر (تاثیر بیورو): نائب صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری نے نالندہ بین الاقوامی یونیورسٹی کے طلبا سے کہا کہ ہمارے قدم اس راستے پر چل پڑے ہیں جنہیں ہم نے 800 سال پیچھے چھوڑ دیاتھا۔ ہماری کامیابی کی گونج پوری دنیا میں سنائی دے رہی ہے۔ نالندہ انٹر نیشنل یونیورسٹی کے احیا کا خواب شرمندہ تعبیر ہوچکا ہے۔ حامد انصاری قلعہ میدان سے براہ راست نالندہ یونیورسٹی پہنچے جہاں انہوں نے یونیورسٹی کے نئے بیچ کے طلبا سے کنوونشن ہال میں خطاب کیا۔ ان کے ساتھ گورنر رام ناتھ کووند اور وزیر تعلیم اشوک چودھری بھی تھے۔ اپنی مختصر تقریر کے بعد نائب صدر نے طلبا وطالبات سے سیدھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 800 سال بعد نالندہ یونیورسٹی کو پھر سے زندہ کرکے اپنی برتری ثابت کردی ہے۔ یہ ملک کیلئے فخر کی بات ہے۔ میں طلبا کے منہ سے یہ سننے آیا ہوں کہ ترقی کے سلسلے میں ان کا ویزن کیا ہے کیونکہ آنے والا وقت انہیں کا ہے۔ اس کے بعد نائب صدر نے طلبا کے سوالوں کے جواب دے کر ان کی معلومات میں اضافہ بھی کیا۔ اسکول آف ایکولوجی اینڈ انوائرمنٹ کے طالب علم گورو نے جب نائب صدر سے پوچھا کہ تیزی سے ہورہے گلوبلائزیشن سے پوری دنیا پر کیا اثر پڑے گا تو نائب صدر مسکرااٹھے انہوں نے کہا کہ ترقی انسان کیلئے ضروری ہے لیکن ماحولیات کی قیمت پر ترقی انسانیت کیلئے خطرناک ہے۔ کرشن کانت کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ صحت ، ماحولیات اور تعلیم میں بہتری لاکر ہی ہم 2022 تک ترقی یافتہ ہندستان کا خواب شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔ نائجیریا کے طالب علم سمرامن کا سوال ان کے ملک سے متعلق تھا ۔ ایکولوجی کی طالبہ سونیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم پرامید نہیں ہیں تو ہماری زندگی بے کار ہے۔ پرامید ہوکر ہی ہم دنیا کو جیت سکتے ہیں۔ اس سے قبل نائب صدر کے دو روزہ دورے پر پٹنہ پہنچنے پر ان کا پرجوش خیر مقدم کیا گیا۔ پٹنہ ایئر پورٹ پر گورنر رام ناتھ کووند اور وزیراعلیٰ نتیش کمار نے پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے نائب صدر جمہوریہ کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار سے نائب صدر محمد حامد انصاری نے ان کا حال چال پوچھا۔ پٹنہ ہوائی اڈے پر پرنسپل داخلہ سکریٹری عامر سبحانی، ڈی جی پی پی کے ٹھاکر، پرنسپل سکریٹری کابینہ برجیش مہروترا، پٹنہ کے کمشنر آنند کشور ، ڈی آئی جی شالین ، ڈی ایم سنجے کمار اگروال، سینئر ایس پی منومہاراج نے بھی نائب صدر کا خیر مقدم کیا۔ پٹنہ ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد نائب صدر حامد انصاری نالندہ کیلئے روانہ ہوگئے۔جمعہ کو پٹنہ میں ان کے دو پروگرام ہیں۔
نالندہ یونیورسٹی کا احیاملک کیلئے فخر کی بات : حامد انصاری
