پارٹی رہنما اپنا رویہ بدلیں : ممتا

کولکاتہ 16 ستمبر (ایجنسی): مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ اور حکمراں ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے آج پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اپروپاپودار اور دیگر پارٹی رہنماؤں کو عوامی زندگی میں ان کے رویہ کیلئے پھٹکار لگائی اور انہیں اپنا رویہ تبدیل کرنے کیلئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ اگروہ نہیں سدھرے تو اگلے الیکشن میں ان کی نامزدگی مشکل ہوجائے گی۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے ترنمول کانگریس کی پالیسی ساز کمیٹی کی میٹنگ میں پارٹی رہنماؤں سے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے کو 2018 کے پنچایت انتخابات کیلئے تیار رکھیں۔ ممتا بنرجی نے پودار کو بطور خاص ایک ٹال پلازہ پر ان کے رویہ کیلئے سرزنش کی۔ انہوں نے صاف لفظوں میں کہا کہ وہ عوامی نمائندوں سے اس طرح کی حرکت بالکل برداشت نہیں کریں گی۔ کیونکہ اس سے پارٹی اور حکومت کا امیج خراب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی عوامی نمائندہ عام آدمی کے ساتھ اس طرح بدسلوکی کرے گا وہ اگلے الیکشن میں ٹکٹ سے محروم ہوجائے گا،۔