کولکتہ، 30 ستمبر (یو این آئی) قابل اعتماد بلے بازوں چتیشور پجارا (87) اور اجنکیا رہانے (77) کی شاندار نصف سنچریوں اور ان کے درمیان چوتھے وکٹ کے لیے 141 رنز کی بہترین شراکت کے باوجود ہندوستان دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے دن جمعہ کو لڑکھڑا گیا اور اس نے ایڈن گارڈن میں سات وکٹ کے نقصان پر 239 رنز بنا لئے ۔ہندوستان نے اپنے گھریلو 250 ویں میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔سابق کپتان کپل دیو نے تاریخی ایڈن گارڈن میں گھنٹہ بجا کر اس میچ کا آغازکیا لیکن میدان میں ہندوستانی بلے بازوں کا آغاز انتہائی خراب رہا۔ہندوستان نے 46 رنز تک اپنے تین وکٹ گنوا دیے ۔اس کے بعد پجارا اور رہانے نے 141 رنز کی شراکت کی لیکن اس شراکت کے ٹوٹنے کے بعد ہندوستانی اننگز لڑکھڑا گئی اور دن ختم ہونے تک اس نے سات وکٹ گنوا دیے ۔پجارا نے 219 گیندوں پر 87 رنز میں 17 چوکے لگائے ۔رہانے نے 157 گیندوں پر 77 رنز میں 11 چوکے لگائے ۔دونوں کے درمیان چوتھے وکٹ کے لئے 47.3 اوور میں 141 رن کی شراکت ہوئی۔پجارا کا وکٹ ٹیم کے 187 کے اسکور پر اور رہانے کا وکٹ 200 کے اسکور پر گرا۔آف اسپنر روی چندرن اشون نے 33 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنائے ۔زخمی لوکیش راہل کی جگہ اس میچ میں شامل بائیں ہاتھ کے اوپنر شکھر دھون اپنی خراب فارم سے نکل نہیں سکے اور محض ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔پہلے ٹیسٹ میں دونوں اننگز میں نصف سنچری بنانے والے مرلی وجے اس بار نو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔کپتان وراٹ کوہلی مسلسل تیسری بار فلاپ رہے اور نو رنز ہی بنا سکے ۔روہت شرما دو رنز پر نمٹ گئے ۔
پجارا، رہانے کی نصف سنچریاں، بھارت 239/7
