پٹنہ 29 ستمبر (اسٹاف رپورٹر): گرو گوند سنگھ جی مہاراج کے 350 ویں پرکاش اتسو کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ ہوئی۔ جس میں گورنر رام ناتھ کووند اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار شریک ہوئے۔ میٹنگ میں پرزنٹیشن کے توسط سے آرگنائزنگ کمیٹی کے نوڈل افسر کم کمشنر پٹنہ ڈویژن نے پروگرام کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ اس میٹنگ میں بتایاگیا کہ پرکاش اتسو اگر چہ 4 سے 6جنوری تک منعقد ہونا ہے لیکن اس کے انعقاد کا عمل 24 دسمبر سے ہی شروع ہوجائے گا۔ میٹنگ میں بتایا کہ پروگرام کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے مختلف 14 سیل کی تشکیل کی گئی ہے اور کاموں کی نگرانی کیلئے پورے علاقے میں 12 زون بنائے گئے ہیں۔ میٹنگ میں یہ بھی جانکاری دی گئی کہ محکمہ سڑک تعمیرات کے 7 اور شہری ترقیات اور ہاؤسنگ محکمہ کے 25 متعلقہ منصوبوں کو منظوری فراہم کی جاچکی ہے ان میں سے کئی منصوبے مکمل ہوچکے ہیں اور کئی پر کام جاری ہے۔ میٹنگ میں ریلوے کے اوور برج کی تعمیر ،ریلوے اسٹیشن کی حسن کاری اور یاتری نیواس ،سیاحوں کیلئے انفارمیشن مرکز وغیرہ کی تعمیر پر بھی بات ہوئی ۔ میٹنگ میں بتایا کہ دہلی، ممبئی، اندور، امرتسر اور ناندیڑ سے پٹنہ کیلئے اضافی ٹرینیں چلانے کی بھی تجویز ہے۔ میٹنگ میں گاندھی میدان اور بائی پاس میں مجوزہ ٹرین سیٹی کی تعمیر کیلئے ضروری تیاریوں پر بھی غور کیا گیا ہے۔ میٹنگ کے دوران محکمہ سیاحت کے ذریعہ ضروری سامانوں کی چھپائی اور پی آر ڈی کے ذریعہ کئے جانے والے ہورڈنگ، پوسٹر وغیرہ کی طباعت کی بھی جانکاری دی گئی۔
گورنر اور وزیراعلیٰ نے لیا پرکاش اتسو کی تیاریوں کاجائزہ
