ہریش راوت نے رکھا 300کروڑ کے منصوبوں کا سنگ بنیاد

دہرادون02 ستمبر (ایجنسی): وزیراعلیٰ ہریش راوت نے جمعہ کو مسوری فائرنگ کی 22 ویں برسی کے موقع پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ نے تقریباََ 300 کروڑ روپئے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کیا۔ نگر پالیکا پریشد احاطہ میں منعقد اس پروگرام میں وزیر اعلیٰ ہریش راوت اور شہری ترقیات کے وزیر پریتم پوار نے تین سو کروڑ روپئے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جس میں مسوری گھنٹہ گھر کی تعمیر اور مسوری ٹاؤن ہال کی تعمیر شامل ہے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں عوام سے اپیل کی کہ وہ ریاست کی ترقی میں اپنا تعاون پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ اتراکھنڈ کی ترقی کیلئے ریاستی حکومت نے بہت کام کئے ہیں لیکن ابھی بہت کچھ کیا جانا باقی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اتراکھنڈ کی سیاسی پارٹیاں ریاست کی ترقی کی بات کو بھول کر صرف سیاست کررہے ہیں جو افسوسناک ہے۔