پٹنہ 15 ستمبر (اسٹاف رپورٹر): یوتھ جنتا دل یو کے زیر اہتمام چمپارن پدیاترا کو وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ چمپارن پدیاترا ریاستی یوتھ جنتادل یو کے صدر سنتوش کشواہا کی قیادت میں شروع کی جارہی ہے۔ اس کا اختتام چمپارن کے بھتہروا میں ہوگا۔ آج یہ پد یاترا گاندھی میدان واقع گاندھی جی کے مجسمہ کے نیچے سے شروع ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ باپو کے چمپارن ستیاگرہ کے 100 سال پورے ہونے کے موقع پر اس پروگرام کو طے کیا گیا۔ اس کیلئے میں آپ تمام حضرات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پدیاترا کا مقصد نشہ اور سنگھ سے نجات حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو نظریہ سماج کو بانٹتا ہے یا سماج سے رواداری کو ختم کرتا ہے اسے ہر حال میں روکنا چاہئے اور اس کے مضر اثرات سے لوگوں کو باخبر کرنا چاہئے۔ اس لئے یاترا میں شامل لوگوں سے میری اپیل ہے کہ وہ باپو کے نظریات سے لوگوں کو واقف کرائیں اور ان نظریات سے بھی انہیں مطلع کریں جو سماج کو جوڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف ترقی کی بات نہیں کرتے ،ہمارا مقصد انصاف کے ساتھ ترقی ہے۔ ترقی کا فائدہ آخری صف میں کھڑے لوگوں تک پہنچے یہی ہماری کوشش ہوتی ہے۔ باپو نے بھی یہی سکھایا تھا کوئی بھی فیصلہ آخری پائیدان پر کھڑے لوگوں کے مفاد میں ہے یا نہیں یہ دیکھنا ہمارا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں امن وسکون ہو ، قانون کا راج ہو اسے یقینی بنانا ہے۔ آج تک جتنے بھی منصوبے چلائے گئے ان کی بنیاد یہی ہے۔ اسی مقصد کے حصول کیلئے پد یاترا کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شراب بندی کا فیصلہ کوئی عام فیصلہ نہیں ہے۔ شراب بندی کئی جگہوں پر نافذ ہے لیکن یہ کامیاب نہیں ہے۔ ہم نے ہر پہلو پر غور کرنے کے بعد شراب بندی نافذ کی ہے۔ اس کی نکتہ چینی بلاوجہ کی جاتی ہے۔ تنقید کرنے والے غریبوں کے بیچ جائیں، ان کے حالات کا جائزہ لیں، گاؤں اور قصبوں کے حالات قریب سے دیکھیں ، ان لوگوں کی زندگی میں کتنی خوشیاں آئی ہیں پتہ چل جائے گا۔ پہلے جہاں ہنگامہ، جھگڑا، فساد کا ماحول ہوتا تھا آج وہاں امن کا ماحول ہے۔ اس موقع پر جنتا دل یو کے ریاستی صدر وششٹھ نارائن سنگھ ، ریاستی وزیر کرشنن نندن پرساد ورما، مہیشوری ہزاری، کماری منجو ، رکن قانون سازیہ شیام رجک ، نیرج کمار ،سنجے کمار سنگھ عرف گاندھی جی سمیت کثیر تعداد میں پارٹی رہنما اور کارکنان موجود تھے۔
یوتھ جنتا دل یو کی چمپارن پدیاترا شروع،نتیش نے دکھائی ہری جھنڈی
