اتراکھنڈکے دیہی علاقوں میں بنیں گے ہاٹ بازار : راوت

دہرادون 16 ستمبر (ایجنسی): ریاست کے کسانوں کی پیداوار کو بازار مہیا کرانے کیلئے اتراکھنڈ حکومت نے ہاٹ بازار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ ہریش راوت کی ہدایت کے بعد دہرا دون ، پتھورا گڑھ ، بھیم تال اور کاشی پور میں ہاٹ بنائے جائیں گے۔ حکومت کی اس پہل سے ریاست کے کسانوں کو کافی فائدہ ملے گا اور کسانوں کی اقتصادی حالت بھی بہتر ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ دیہی علاقوں میں ہاٹ بازار بننے سے لوگوں کو آسانی سے عام استعمال کی چیزیں مل سکیں گی اور روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ عوام تک آسانی سے پیداوار کے پہنچنے سے ان پیداواروں کی مانگ بھی بڑھے گی۔ ریاست کی یہ پہل دیہی علاقوں میں کافی فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔ غور طلب ہے کہ دھورا گڑھ میں 384 لاکھ کی لاگت سے ہاٹ بنائے جانے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دہرادون میں 688 لاکھ، بھیم تال میں 806 لاکھ اور کاشی پور میں 1277 لاکھ روپئے کی لاگت سے ہاٹ بازار بنائے جائیں گے۔