بارش سے عام زندگی مفلوج، گیا میں ریل لائن پانی میں ڈوبی

پٹنہ؍گیا،6ستمبر(تاثیر بیورو)بہار کے مختلف حصوں میں سوموار سے شروع ہوئی بارش منگل کو بھی جاری رہی۔ جس سے عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ راجدھانی کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوجانے سے لوگوں کا گھر سے باہر نکلنا مشکل ہوگیا ہے۔ گیا اور جہان آباد سمیت مختلف ضلعوں میں تباہی کے حالات ہیں۔ گیا میں گذشتہ ایک مہینے میں اتنی بارش نہیں ہوئی تھی اتنی ایک دن میں بارش ہوگئی ہے۔ جہان آباد کے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے سے سیلاب کی صورت پیدا ہوگئی ہے۔گیا میں کل شام سے ہورہی بارش سے حالات بدتر ہوگئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے گیا میں 237 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی ہے۔ بارش کی وجہ سے گیا۔ راجگیر این ایچ 82 پر وزیر گنج بلاک علاقے میں پیمار ندی کا ڈائیورسن بہہ گیا جس سے آمدورفت ٹھپ ہوگئی ہے۔مشرقی وسطی ریلوے کے گیا اسٹیشن پر بارش کاپانی جمع ہونے کی وجہ سے کئی ٹرینیں گھنٹوں سے رکی ہوئی ہیں۔ریلوے کے سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ کل شام سے ہورہی شدید بارش کی وجہ سے پٹری پر تقریباً تین فٹ پانی آنے سے کل رات احتیاط کے طور پر ٹرینوں کو روک دیا گیا ہے ۔اس کی وجہ سے گیا۔پٹنہ،گیا۔دھنباد اور گیا۔مغل سرائے ریلوے ڈیویژن پر چلنے والی ایکسپریس اور سواری گاڑیاں مختلف اسٹیشنوں پر رکی ہوئی ہیں۔گیا میں آج بھی بارش ہورہی ہے ۔مسلسل جاری بارش کی وجہ سے شہر میں بڑی مقدار میں پانی جمع ہوگیا ہے جس کے پیش نظر ضلع مجسٹریٹ کمار روی نے میونسیپل کے افسروں کو جنگی سطح پر پانی نکالنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔پانی جمع ہونے کی وجہ سے شہر کے معمولات زندگی ٹھپ ہوگئے ہیں اور پیمار ندی پر ڈائیورزن پھر سے ٹوٹ گیا ہے ۔