جھارکھنڈ میں نیشنل فلم فیسٹیول کا انعقاد اگلے سال

رانچی 02 ستمبر (معیز الدین خان): وزیراعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ جھارکھنڈ میں اگلے سال نیشنل فلم فیسٹیول کا شاندار انعقاد کیا جائے گا۔ جناب داس نے آج پروجیکٹ بھون میں مشہور فلم اسٹار اور جھارکھنڈ فلم تکنیکی صلاح کار کمیٹی کے چیئرمین پدم بھوشن انوپم کھیر سے ملاقات کے دوران یہ باتیں کہیں۔ وزیر اعلیٰ نے انوپم کھیر کی گذارش پر افسران کو فوراََ فلم سیٹی کی تعمیر شروع کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کے دوران انوپم کھیر نے رانچی سے ممبئی کیلئے سیدھی ایئر سروس شروع کرانے کیلئے کوشش کرنے کی اپیل کی۔ جس کے جواب میں وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ وہ اس کیلئے حکومت ہند سے جلد از جلد بات کرکے رانچی اور ممبئی کے درمیان فضائی سروس شروع کرائیں گے۔