مدھیہ پردیش میں بھی شراب بندی نافذ ہو : نتیش

پٹنہ16 ستمبر (اسٹاف رپورٹر): بہار میں شراب بندی کا تجربہ مدھیہ پردیش میں بھی دہرانے کیلئے 16 ستمبر کو ریاست گیر مہم کے تحت وزیر اعلیٰ نتیش کمار مدھیہ پردیش پہنچے۔ گوالیئرمیں نتیش کمار نے ایک کالج کے پروگرام میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ بہار کے بعد اب یہاں بھی شراب بندی نافذ ہونی چاہئے۔ نتیش کمار نے ریاست کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بہار اب لگاتار ترقی کررہا ہے۔ تعلیم کے شعبے میں بہار میں کئی ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ وہاں اب لڑکیاں ہر صبح سائیکل پر ہنستی مسکراتی اسکول جارہی ہیں۔ نتیش نے بی جے پی الزام لگایا کہ اچھے دن تو کہیں دکھ نہیں رہے ہیں ،بڑے بڑے وعدہ کرکے عوام کو حسین خواب دکھائے گئے لیکن کچھ بھی پورا نہیں ہوا۔ کالا دھن لانے کی بات تھی وہ بات بھی جھوٹی نکلی۔ ہم کام کرتے ہیں وعدہ نہیں کرتے، کچھ لوگ صرف وعدہ ہی کرتے رہتے ہیں۔ نتیش کمار نے بڑوانی میں جاری نرمدا بچاؤ تحریک اور شراب بندی مہم میں بھی حصہ لیا۔ گوالیئر کے بعد نتیش کمار بڑوانی پہنچے جہاں انہوں نے مدھیہ پردیش کو نشہ سے پاک ریاست بنانے کیلئے جنتا دل یو کارکنوں کو روانہ کیا۔