کانپور، 26 ستمبر (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بلے بازوں اور گیند بازوں نے آ ل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن پیر کو 197 رنز سے شاندار جیت درج کرتے ہوئے اپنے تاریخی 500 ویں ٹیسٹ کو یادگار بنا دیا۔اس کے ساتھ ہی ٹیم نے ایک بارپھر نمبر 1-ٹسٹ ٹیم کادرجہ حاصل کر لیاہے ۔کانپور کے گرین پارک میں کھیلے گئے اس میچ میں ہندستان نے اپنی دوسری اننگز پانچ وکٹ پر 377 رنز بنا کر ڈکلئیرکرکے نیوزی لینڈ کے سامنے جیت کے لیے 434 رنز کا مشکل ہدف دیا تھا جس کا پیچھا کرنے میں مہمان ٹیم ناکام رہی اور میچ کے آخری دن لنچ کے کچھ دیر بعد ہی اس کی دوسری اننگز 87.3 اوورز میں 236 رنز پر سمٹ گئی۔اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کر لی ہے ۔ٹیسٹ میں 200 وکٹ کا ہندسہ پورے کرنے والے تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن اشون نے کیوی ٹیم کی دوسری اننگز میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے 35.3 اوور میں 132 رنز دے کر سب سے زیادہ چھ وکٹ لئے ۔اشون نے اس میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کے دونوں اننگز میں کل 10 وکٹ لئے ۔وھیں 19 ویں بار ہے جب کہ اشون نے ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں پانچ وکٹ کے ہندسے کو چھوا ہے ۔ان کے اب ٹیسٹ میں کل 203 وکٹ ہو گئے ہیں۔نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز میں فاسٹ بولر محمد سمیع نے آٹھ اوورز میں 18 رنز پر دو وکٹ اور رویندر جڈیجہ نے 58 رن پر ایک وکٹ حاصل کیا۔جڈیجہ نے میچ میں کل چھ وکٹ لئے اور دوسرے کامیاب بولر رہے ۔پہلے ٹیسٹ کا آخری دن پوری طرح اشون کے نام رہا جنہوں نے گرین پارک کی پچ پر حیرت انگیز کھیل دکھایا، اشون نے میچ کے چوتھے روز تین وکٹ لے کر ٹیسٹ میں اپنے 200 وکٹ پورے کئے تھے اور آخری دن بھی انہوں نے تین وکٹ لئے ۔تجربہ کار آف اسپنر نے کیوی ٹیم کے آخری دونوں وکٹ لے کر اننگز کو سمیٹ کرہندوستان کی جیت کی خانہ پری کو پورا کیا۔اشون نے توہین سوڈھی (17) کو بولڈ کر نیوزی لینڈ کا نواں اور اپنا پانچواں وکٹ مکمل کیا اور نیل ویگنر (صفر) کو ایل بی ڈبلیو کرکے کیوی ٹیم کا 10 واں اور آخری وکٹ لے کر اننگزسمیٹ دی اور اپنا چھٹا وکٹ حاصل کیا۔اسی کے ساتھ میزبان ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے گلے مل کر جیت کا جشن منایا۔ہندستانی ٹیم کے لیے یہ جیت اس لئے بھی اہم ہے کیونکہ یہ ان کا کرکٹ کی تاریخ کا 500 واں ٹیسٹ میچ ہے ۔اس سے پہلے صبح میچ میں نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز چار وکٹ پر 93 رن سے آگے کیا تھا۔
500 ویں ٹیسٹ میں جیت کے ساتھ بھارت پھر نمبر۔1
