انجمن ترقی اردو ہند کے نائب صدر خلیق انجم کا انتقال

نئی دہلی، 18 اکتوبر (یو این آئی) اردو دنیا کی معروف شخصیت ، ممتاز محْقق، ماہر غالبیات اور انجمن ترقی اردو ہند کے نائب صدر ڈاکٹر خلیق انجم کا آج صبح یہاں انتقال ہوگیا۔ انہوں نے آج صبح ساڑھے 10 بجے آخری سانس لی۔ ان کی عمر تقریباً 83 برس تھی۔ان کے پسماندگان میں بیوی کے علاوہ ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے ۔ڈاکٹڑ خلیق انجم 1974 میں انجمن ترقی اردو ہند کے جنرل سکریٹری بنائے گئے تھے اور 2012 تک اس عہدے پر فائز رہے اور وہ تقریباً 38 سال انہوں نے اس عہدے پر خدمات انجام دیں۔ ان کی تصنیف کردہ تقریباً 85 کتابیں منظرعام پر آچکی ہیں، جن میں سرسید کی کتاب ‘آثار الصنادید’ کا نیا ایڈیشن (ترمیم و اضافہ کے ساتھ)، انتخاب خطوط غالب، غالب کا سفر کلکتہ، متنی تنقید، حسرت موہانی اور ادبی معرکہ جیسی قابل ذکر کتابیں شامل ہیں۔ڈاکٹر خلیق انجم اپنی اردو خدمات اور طرز تکلم کی وجہ سے اردو حلقوں میں کافی مقبول تھے ۔ فی الحال وہ انجمن ترقی اردو ہند کے نائب صدر کے عہد پر فائز تھے ۔