ممبئی 5 اکتو بر ( ایجنسی)بالی وڈ کے معروف اداکار اوم پوری کے خلاف ممبئی کے اندھیری پولیس ا سٹیشن میں انڈین فوجیوں کی توہین اور پاکستانی فنکاروں کی حمایت کے لیے شکایت درج کی گئی ہے۔کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں ایک فوجی کیمپ پر ہونے والے حالیہ حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں کے انڈیا میں کام کرنے کے خلاف انڈین موشن پکچرز پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے فیصلے پر ایک انڈین چینل پر پیر کو ہونے والے مباحثے میں شرکت کرتے ہوئے اوم پوری نے مبینہ طور پر انڈین فوجیوں کی توہین کی تھی۔اوم پوری نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا: ‘کس نے ان سے کہا کہ فوج میں بھرتی ہوں؟ کس نے ان سے کہا کہ بندوق اٹھائیں۔‘پولیس نے بتایا کہ شکایت میں کہا گیا ہے کہ اوم پوری کے خلاف غداری کی دفعہ 124 (اے) کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے۔خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق ممبئی کے نائب پولیس کمشنر اشوک دودھے نے کہا: ‘ہمیں اوم پوری کے خلاف ایک شخص کی جانب سے عرضی (شکایت) موصول ہوئی ہے اور اس بابت مزید ایکشن تحقیقات کے بعد لیے جائیں گے۔’خیال رہے کہ انڈیا پاکستان کے درمیان حالیہ تنازعے کے بعد بالی وڈ منقسم نظر آتا ہے۔ جہاں امیتابھ بچن، انوپم کھیر جیسے فنکار حکومت کی کھل کر حمایت کر رہے ہیں وہیں فلم ساز مہیش بھٹ، کرن جوہر، سلمان خان، اوم پوری جیسے فنکار سیاست اور فن کو علیحدہ رکھنے کے حق میں ہیں۔جبکہ وشال بھاردواج جیسے فلمساز اور گلزار جیسے نغمہ نگار نے اس بابت کچھ بھی کہنے سے انکار کیا۔اس سے قبل سلمان خان اور کرن جوہر نے پاکستانی فنکاروں کے بارے میں کہا تھا کہ ‘وہ فنکار ہیں دہشت گرد نہیں‘۔
اوم پوری کے خلاف غداری کے مقدمے کی درخواست
