Taasir Urdu News Network | Updated on 2 Oct 2016, 9:30 PM IST
سان فرانسسكو: آپ فیس بک پر جتنی زیادہ پوسٹس شیئرکریں گے اور لکھیں گے فیس بک آپ کے بارے میں اتنا ہی جاننے لگے گا لیکن آخر اس کا اندازہ کیسے لگایا جائے تو اس کے لیے کروم براؤزر کے لیے ایک پلگ ان بنایا گیا ہے جو آپ کو آپ کی خفیہ زندگی کے چند پہلو بتاتا ہے جو فیس بک کے ذریعے آشکار ہوتے ہیں۔
فیس بک آپ کے کریڈٹ کارڈ کی تعداد سے لے کر آپ کے رویئے اور سواری تک سے آگاہ ہوسکتا ہے مگر اس کا اندازہ ایک ایکسٹیشن پروگرام کے ذریعے لگایا جاسکتا ہے جسے ’’پروپبلکا‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
پروپبلکا کے ذریعے فیس بک یوزر نہ صرف فیس بک کے علم میں آنے والی اپنی معلومات دیکھ سکتے ہیں بلکہ انہیں درست یا غلط ہونے کی بنا پر مختلف نمبر بھی دے سکتے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ فیس بک کے خاص الگورتھم آپ کی پوسٹ، لائکس، ٹیگنگ، اسٹیٹس اور تاثرات و کمنٹس سے آپ کے رحجانات اور شخصیت کا اندازہ لگاتے رہتے ہیں۔ پلگ ان کو نیویارک کی ایک غیرمنافع بخش کمپنی نے عوامی مفاد کے لیے تیار کیا ہے۔
یہ معلومات مہنگے داموں مارکیٹنگ کمپنیوں کو فراہم کردی جاتی ہیں اور وہ آپ کو آپ کی پسند کی بنا پر اشتہارات دکھانا شروع کردیتی ہے۔ پروپبلیکا کے مطابق فیس بک 1300 کیٹگریز کے تحت صارفین کو اشہتارات دکھاتی ہے۔ فیس بک یہ بھی جانتا ہے کہ آپ کتنا بڑا مکان دیکھ رہے ہیں اور آپ کے پاس کریڈٹ کارڈ کتنے ہیں۔ خیال ہے کہ فیس بک آپ کے متعلق معلومات کے 98 شعبوں کی خبر رکھتی ہے جن میں کھانے کے رحجان، سیاسی پسند و ناپسند، عادات اور پسند کی اشیا اور یہاں تک کہ معتدل اور سخت گیر رحجان کی پیش گوئی بھی کرتی ہے۔