رشوت لیتے مرکزی ہومیوپیتھی کونسل کے صدر گرفتار

نئی دہلی، 22 اکتوبر (یو این آئی) مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) نے لاکھوں روپے رشوت لیتے ہوئے مرکزی ہومیوپیتھی کونسل کے صدر رام جی سنگھ کو گرفتار کیا ہے ۔سی بی آئی ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ جانچ ایجنسی کوہومیوپیتھی کالج کے قیام کے لئے موزوں انکوائری رپورٹ دینے کے لئے 20 لاکھ روپے رشوت مانگنے کی شکایت ملی تھی۔سی بی آئی نے شکایت کی بنیاد پر جال بچھایا اور ملزم کو 20 لاکھ روپے لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ایجنسی نے رام جی سنگھ کے علاوہ ہری شنکر جھا نامی شخص کو بھی گرفتار کیا ہے ۔رام جی سنگھ نے اس سے پہلے انڈین ہومیوپیتھی فیڈریشن کے سکریٹری کے طور پر کام کیا ہے ۔مرکزی ہومیوپیتھی کونسل ہومیوپیتھی طبی طریقہ علاج کا ریگولیٹری اتھارٹی ہے جو صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے تحت ایک قانونی ادارہ ہے ۔