روبی رائے کی کاپی کسی اور نے لکھی تھی،نئی ایف آئی آر کی تیاری

پٹنہ08 اکتوبر (اسٹاف رپورٹر): انٹر گھوٹالہ سامنے آنے کے بعد پروڈیکل گرل کے نام سے مشہور ہوئی روبی رائے نے اپنی کاپی خود نہیں لکھی تھی بلکہ کسی اور نے اس کی کاپی لکھی تھی ۔ یہ خلاصہ اس معاملے کی جانچ میں جٹی فورنسک سائنس لیب کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی منومہاراج نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایف ایس ایل کی رپورٹ ملنے کے بعد اب اس معاملے میں نئی ایف آئی آردرج ہوسکتی ہے۔ ریزلٹ میں ٹاپر قرار دی گئی روبی رائے نے بعد میں جب میڈیا کے سوالوں کے مضحکہ خیز جواب دیئے تو اس کے ٹاپر ہونے پر شبہ ہوا اور اس کے بعد جانچ شروع ہوئی تو گھوٹالے کی پرتیں کھلتی چلی گئیں۔ پتہ چلا کہ بہار بورڈ میں بڑے پیمانے پر گھوٹالہ ہوا ہے اور روبی جہاں کی طالبہ تھی اس کے پرنسپل بچہ رائے سے لے کر بہار بورڈ کے چیئرمین اور سکریٹری تک فرضی ریزلٹ اور میرٹ لسٹ کے گھوٹالے میں شامل تھے۔ نابالغ ہونے کی وجہ سے روبی رائے جیل سے تو چھوٹ گئی لیکن اس وقت کے چیئرمین لال کیشور پرساد، ان کی اہلیہ اوشا سنہا، بورڈ کے سکریٹری ہری ہر ناتھ جھا ،وشنو رائے کالج کے پرنسپل بچہ رائے اور بہار بورڈ کے کئی ملازمین ،سنٹر سپرنٹنڈنٹ اور جانچ مراکز کے انچارج اب بھی جیل کی ہوا کھارہے ہیں۔ ایس آئی ٹی ان کے خلاف چارج شیٹ داخل کرچکی ہے۔