نئی دہلی/پوڑی، یکم اکتوبر (یو این آئی) ہندستانی فوج کی سرجیکل اسٹرائیک سے پاکستانی انکار کی ہوا نکالتے ہوئے وزیر دفاع منوہر پاریکر نے آج کہا کہ ہمسایہ ملک ابھی بھی بیہوشی کی حالت میں ہے اس لئے اسے سرجری کا پتہ ہی نہیں۔ مسٹر پاریکر نے جمعرات کو پچھلے پہر کنٹرول لائن کے پار دہشت گردوں کے لانچ پیڈ کو تباہ کرنے کی ہندستانی فوج کے ایک خصوصی دستے کی چھاپہ مار کارروائی پر آج پہلی مرتبہ اپنا عوامی ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ یہ ایک منہ توڑ جواب تھا ۔ سرجیکل اسٹرائیک میں حصہ لینے والے خصوصی دستے کے جوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری فوج کو اس کامیاب کارروائی کی ہدایت وزیراعظم نریندر مودی نے دی تھی۔ یہاں اتراکھنڈ کے ویر چندر سنگھ گڑھوالی کے مجسمہ کی یہاں پیٹھ سائیں گاؤں میں نقاب کشائی کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ہندستانی فوج ہنومان جی کی صلاحیتوں کی حامل ہے ۔ ان کا اشارہ ہنومان جی کے سری لنکا عبور کرنے کی طرف تھا۔ مسٹر پاریکر نے کہا کہ جس طرح رام نے فتح کے بعد لنکا وبھیشن کو تحفے میں دے دیا تھا اسی طرح ہم بھی کسی ملک پر کوئی قبضہ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے ۔ بنگلہ دیش کے محاذ پر بھی ہم نے ایسا ہی کیا تھا اور اس بار سرجیکل آپریشن کے دوران بھی ایسا ہی کیا گیا ہے ۔
سرجری کے بعد پاکستان بیہوشی کی حالت میں ہے : پاریکر
