پیرس، 28 اکتوبر (یو این آئی) ریو اولمپکس کی چاندی کا تمغہ فاتح بننے کے بعد ملک کی نئی اسٹار شٹلر پی وی سندھو کی فارم فی الحال ان کا ساتھ نہیں دے رہی ہے اور وہ ڈنمارک کے بعد فرانسیسی اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے بھی دوسرے ہی راؤنڈ میں ہار کر باہر ہو گئی ہیں۔ وہیں مرد سنگلز میں ایچ ایس پرنے بھی ہار گئے جس کے ساتھ ہندستانی چیلنج بھی ختم ہو گیا ہے ۔ٹورنامنٹ میں چھٹی سیڈ سندھو خواتین سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں چین کی ہی بگجیاو کے ہاتھوں 41 منٹ میں 20۔22 ،17۔21 سے ہار کر باہر ہو گئیں۔دنیا میں 10 ویں رینکنگ کی ہندوستانی کھلاڑی سندھو نے ڈنمارک میں بگجیاو کو پہلے ہی راؤنڈ میں شکست دے کر باہر کیا تھا۔لیکن اس بار چینی کھلاڑی نے اپنی ہار کا بدلہ لے لیا۔دونوں کھلاڑیوں کے درمیان یہ پانچواں مقابلہ تھا جس میں چینی کھلاڑی 3۔2 سے آگے ہیں۔دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلا گیم سخت مقابلے والا رہا اور سندھو نے 7۔7، 15۔15 اور 16۔16 پر چینی کھلاڑی سے برابری کی۔لیکن آخر میں بگجیاو نے مسلسل چار پوائنٹس لے کر 22۔20 سے گیم جیت لیا۔دوسرے گیم میں سندھو پھر کچھ خاص جدوجہد نہیں کر سکیں اور چینی کھلاڑی نے انہیں 10۔5 سے اور 18۔9 سے پیچھے چھوڑ کر یک طرفہ برتری بنائی اور 21۔17 سے آسانی سے گیم اور میچ جیت کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔وہیں مرد سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں پرنے کو پانچویں سیڈ چینی تائی پے کے کھلاڑی چو تن چین نے 42 منٹ میں 21۔19 ،21۔16 سے شکست دے کر باہر کر دیا۔پرنے اور سندھو کے ہارنے کے ساتھ فرانسیسی اوپن میں بھی ہندوستانی چیلنج ختم ہو گیا ہے ۔
سندھو فرانسیسی اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں باہر
