شہاب الدین کو سیوان جیل سے منتقل کرنے کی تیاری

پٹنہ ،یکم اکتوبر(اسٹاف رپورٹر): آرجے ڈی کے سابق ایم پی محمد شہاب الدین کو ایک بار پھر بھاگلپور جیل بھیجا جاسکتا ہے۔ خفیہ محکمہ نے اپنی تازہ رپورٹ میں اس بات کے واضح اشارہ دیئے ہیں کہ سیوان میں نظم ونسق کا مسئلہ اور گواہوں میں دہشت کا ماحول ہے۔ ایسے میں انتظامیہ شہاب الدین کو سیوان جیل میں رکھنے کاجوکھم نہیں اٹھانا چاہے گی۔ اس بات کا بھی غالب امکان ہے کہ انہیں بہار سے باہر کسی جیل میں رکھا جائے ۔سپریم کورٹ سے شہاب الدین کی ضمانت رد ہونے کے بعد سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے کہا تھا کہ اب وہ شہاب الدین کو بہار سے باہر کسی جیل میں منتقل کرنے کیلئے الگ سے عدالت میں عرضی داخل کریں گے۔ صحافی راج دیو رنجن کی اہلیہ آشا رنجن پہلے ہی ایک عرضی پیش کر کے شہاب الدین سے متعلق تمام معاملوں کو دہلی منتقل کرنے کی درخواست کرچکی ہیں جس پر سپریم کورٹ میں 17 اکتوبر کو سماعت متوقع ہے۔ لیکن فی الحال شہاب الدین کو بھاگلپور جیل بھیجے جانے کے امکان کے پیش نظر بھاگلپور کے سنٹرل جیل میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ جیل ذرائع کے مطابق خصوصی سنٹرل جیل کے اسپتال وارڈ میں دو بیڈ کی دوری بڑھا کر ایک الگ بیڈ لگادیا گیا ہے۔ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بھاگلپور لائے جانے کی تصدیق ہونے پر انتہائی محفوظ ٹی سیل کے اسپتال وارڈ کی سیکوریٹی میں بھی تبدیلی لائی جائے گی۔