نئی دہلی، 29 اکتوبر (یو این آئی) سرحد پر ہندوستانی جوان کے ساتھ پاکستانی دراندازوں کے ہاتھوں کی گئی بربریت پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سمیت کئی اہم لیڈروں نے کہا ہے کہ اس کا معقول جواب دیا جائے گا۔جموں وکشمیر کے ماچھل سیکٹر میں کل رات پاکستانی دہشت گردوں کی فائرنگ میں شہید ہونے والے ہندوستانی جوان منجیت سنگھ کی لاش کی بے حرمتی کرنے کے واقعہ پر ان لیڈروں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے بزدلانہ حرکت قرار دیا ہے ۔وزیر داخلہ نے اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی فوج اس کا سخت جواب دے رہی ہے اور آئندہ بھی معقول کارروائی کرے گی۔ اس طرح کے واقعات ہندوستان کو ڈرا نہیں پائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا ہمیشہ سربلند رہے گا۔مسٹر سنگھ نے کہا، “یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ ایسے وقت جب ہم دیوالی منا رہے ہیں ہمارے جوان سرحد پر لگاتار فائرنگ کا سامنا کر رہے ہیں۔ ہمیں اپنے جوانوں کا شکریہ ادا کرنا چاہئے کیونکہ ان کی بدولت ہی ہم آج یہ تہوار منا پا رہے ہیں۔ “مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات ایم وینکیا نائیڈو نے اس واقعہ کے سلسلے میں پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ جو کر رہا ہے ، ایک دن اس کا نتیجہ الٹا انہی پر پڑے گا۔ انہوں نے کہا، “دہشت گردی ایک ناسور ہے جو اسے بڑھاوا دینے والے کا ہی خاتمہ کر دیتا ہے ۔ ” وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت جتیندر سنگھ نے اس واقعہ کو انتہائی بربرانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے زیادہ وحشیانہ واقعہ اور کچھ نہیں سکتا۔ جو لوگ انسانی حقوق کی باتیں کرتے ہیں انہیں اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ جوانوں کے انسانی حقوق ان لوگوں کے انسانی حقوق سے ہمیشہ برتر رہیں گے ، جو تشدد برپاکرتے ہیں۔
شہید جوان کے ساتھ بربریت کا معقول جواب دیا جائے گا : راج ناتھ
