عقیدت مندوں کو کوئی دشواری نہ ہو: نتیش

پٹنہ 23 اکتوبر (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج گرو گوند سنگھ جی مہاراج کے 350 ویں پرکاش اتسو سے متعلق مختلف مقامات کا جائزہ لیا اور اتسو کی تیاریوں کے سلسلے میں متعلقہ افسران سے معلومات حاصل کیں۔ جائزہ کے دوران وزیر اعلیٰ نے بائی پاس اور گرو گوند سنگھ پتھ کو دیکھا ۔پتھ سے متصل علاقوں میں جمع پانی کی نکاسی کیلئے جلد ازجلد کارروائی کی ہدایت دی۔ گروگوند سنگھ کے نام پر بنے اوور برج کے جائزہ کے سلسلے میں وزیراعلیٰ نے سڑک کی مرمتی اور پل کے نیچے کی جگہ کو بہتر بنانے اور اس کی صاف صفائی کیلئے بھی متعلقہ افسران کو ہدایت دی۔ وزیراعلیٰ نے تخت شری ہر مندر صاحب گرودوارہ کے پاس ہرمندر گلی اور باڑے کی گلی کا بھی جائزہ لیا۔ اس دوران وزیراعلیٰ نے بجلی کے تاروں کو منظم کرنے ،گلی کی عمارتوں کی مرمتی اور گلی کی سڑک کے گڈھوں کو بھرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے عقیدت مندوں کی آمدورفت کو آسان بنانے کیلئے ریلنگ اور بیریئر لگانے کی ہدایت دی۔ عقیدت مندوں کے جوتے چپل کے رکھ رکھاؤ کے معقول انتظام کیلئے بھی انہوں نے ہدایت دی۔ وزیراعلیٰ نے کنگن گھاٹ کا بھی جائزہ لیا۔ کنگن گھاٹ پر ہورہے تعمیری کاموں کے ساتھ ساتھ پرکاش اتسو کے دوران عقیدت مندوں کیلئے لنگر کے انتظام کے سلسلے میں بھی تفصیلی معلومات وزیراعلیٰ نے حاصل کیں۔ کنگن گھاٹ کے بعد وزیراعلیٰ نے بال لیلا گرودوارہ کو دیکھا اور وہاں متھا ٹیکا۔ اس موقع پر گرودوارہ منیجنگ کمیٹی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو سروپا اور تلوار بھینٹ کی گئی۔ اس موقع سے وزیراعلیٰ نے پٹنہ صاحب اسٹیشن اور پٹنہ گھاٹ ریلوے اسٹیشن کا بھی جائزہ لیا اور وہاں ہورہے تعمیری کاموں کے ساتھ ساتھ اسٹیشن کی صفائی اور آنے والے مسافروں کیلئے شہری سہولیات بڑھانے اور انہیں بہتر بنانے کی ہدایات متعلقہ افسران کو دیں۔ اس کے بعد وزیراعلیٰ گرو کا باغ پہنچے اور وہاں متھا ٹیکا۔ وہاں موجود تالاب کے پانی کی صفائی کیلئے 2 سولر پمپ لگانے اور تالاب کے پانی کی نکاسی کیلئے معقول انتظام کرنے کی ہدایت وزیراعلیٰ کے ذریعہ دی گئی۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے بائی پاس واقع مہادیو استھان کے نزدیک پرکاش اتسو کے موقع پر آنے والے عقیدت مندوں کی سہولیات کیلئے بنائے جانے والے ٹینٹ سیٹی اور پارکنگ کے انتظامات کیلئے نشان زد مقامات کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے سبھی متعلقہ افسران کو تمام ضروری اقدامات بروقت کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ اتسو کے موقع پر پٹنہ آنے والے عقیدت مندوں کو کسی طرح کی دشواری نہیں ہو اس کا پورا خیال رکھا جائے تاکہ آنے والے عقیدت مند یہاں سے ایک خوشگوار یاد اپنے ساتھ لے جائیں۔ اس موقع پر متعدد اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔