ماحولیات اور جنگلی جانوروں کا تحفظ ضروری : نتیش

پٹنہ 03 اکتوبر (اسٹاف رپورٹر): وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سنجے گاندھی باٹنیکل گارڈن میں جنگلی جانوروں کے ہفتہ کے موقع پر منعقد ایک پروگرام کا شمع روشن کر کے افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنگلی جانور ہفتے کے موقع پر منعقد اس پروگرام میں شریک ہوکر مجھے بہت خوشی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح انسان قدرت کی دین ہیں اسی طرح جنگلی جانورو بھی قدرت کا ایک قیمتی عطیہ ہیں۔ نئی نسل میں جنگلی جانوروں کے تئیں بیداری بہت ضروری ہے سب کو اس بات کا احساس ہونا چاہئے کہ ماحولیات میں اگر توازن نہیں رہے تو ہمیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کل گلوبل وارمنگ پر بات ہوتی ہے زمین گرم ہوتی جارہی ہے ۔ درجہ حرارت کے ایک حد سے آگے بڑھنے پر کسی بھی ذی روح کیلئے زندہ رہنا مشکل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کے سلسلے میں لوگوں میں بیداری تو آرہی ہے لیکن اس کی رفتار بہت سست ہے۔ وزیراعلیٰ نے جہان آباد کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ جہان آباد کے ایک گاؤں میں شمسی توانائی کے تحت بجلی کا کنکشن لگایا گیا ،دلچسپ بات یہ ہے کہ لوگوں کیلئے بجلی کا مطلب گریڈ والی بجلی ہوتی ہے ہم اس گاؤں میں گئے تھے جہاں پر لوگوں نے لکھا تھا کہ ہمیں نقلی نہیں اصلی بجلی چاہئے۔ بات چیت کے دوران ہم نے کہا کہ آپ جس بجلی کا مطالبہ کررہے ہیں دراصل وہیں نقلی بجلی ہے۔ آپ اصلی بجلی کو نقلی سمجھ رہے ہیں سب کچھ تو سورج پر ہی منحصر ہے۔ وزیرا علیٰ نے کہا کہ نظام قدرت کے سلسلے میں لوگوں کی سمجھ بہت زیادہ نہیں ہے۔ انسان ایک عظیم قسم کا ذی روح ہے اس میں ہر طرح کے لوگ ہیں اچھے بھی ہیں اور برے بھی ہیں، کچھ لوگوں میں خوبیاں ہیں تو کچھ میں خامیاں بھی ہیں۔ بہر حال یہ خوشی کی بات ہے کہ جنگلی جانوروں کا ہفتہ منایا جارہا ہے اس سے جانوروں سے لوگوں کا لگاؤ بڑھے گا۔