رانچی 22 اکتوبر (معیز الدین خان): وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ جھارکھنڈ کی سماجی روایت کے مطابق مانکی ، منڈا اور گرام پردھان وغیرہ کے اعزاز کی رقم بڑھائی جائے گی۔ ساتھ ہی مانجھی ، پرگنیت اور پڑہا راجا کیلئے بھی سمان کی رقم کا تعین کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو گرام پردھان قابل ذکر کام انجام دیں گے انہیں یوم تاسیس کے موقع پر نوازا جائے گا۔ سبھی سرنا استھلوں کی گھیرابندی اور حسن کاری کاکام ایک سال میں پورا کیا جائے گا۔ سرکار سماج کے سبھی طبقے کے ساتھ سیدھی بات چیت کر کے آپسی تعاون کے ساتھ کام کررہی ہے۔ ریاست کی تشکیل کے 15 برسوں تک یکطرفہ ڈائلانگ چلتا رہا۔ عوام صرف سنتے رہے اب عوام سرکار کے ساتھ مل کر منصوبے بنارہے ہیں۔ گرام سبھا کی میٹنگ ہورہی ہے ، لوگ ناقص غذائیت سے آزاد جھارکھنڈ،تعلیم یافتہ جھارکھنڈ اور صحت مند جھارکھنڈ کی تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ اور ترقی کرنا چاہتے ہیں۔ ترقی کیلئے زمین تحویل میں لینے کے عمل کو آسان بنایا گیا ہے۔ سی این ٹی ایکٹ اور ایس پی ٹی ایکٹ سے کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کرسکتا ہے۔
میری حکومت عوام کے تعاون سے کام کررہی ہے : رگھوور
