کوانٹن، 27 اکتوبر (یو این آئی) اسٹار ڈریگ فلکر روپندر پال سنگھ نے یہاں جاری ایشین چمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں اب تک کی اپنی کارکردگی پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے اس کو خواب جیسا بتایا۔جاپان کے خلاف ٹورنامنٹ کے افتتاحی مقابلے میں چھ گول کرنے والے روپندر نے ٹورنامنٹ میں اب تک 10 گول کئے ہیں اور یہ تمام گول انہوں نے پنالٹی کارنر پر ہی کئے ہیں۔روپندر کی اس نایاب کارکردگی سے ہندوستان نے اپنا مضبوط سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ میں اپنا سرفہرست مقام پختہ کر لیا ہے ۔روپندر نے جاپان کے خلاف چھ گول، میزبان ملیشیا کے خلاف دو اور پاکستان اور چین کے خلاف ایک ایک گول کئے ہیں۔روپندر نے پہلی بار کسی ٹورنامنٹ میں 10 گول کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں اسے خواب جیسا ہی مانتا ہوں۔میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں اور مجھے اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ میں ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کر سکا ہوں۔ملیشیا کی سرزمین پر ہی چھ سال پہلے سلطان اذلان شاہ کپ سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے روپندر نے یہاں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔اگلے سال 26 سال کے ہونے والے اسٹار کھلاڑی نے اپنی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہاکہ میں نے یہاں 2010 میں سلطان اذلان شاہ کپ سے اپنے کیریئر کی شروعات کی تھی۔اس کے اگلے سال میں نے اسی ٹورنامنٹ میں برطانیہ کے خلاف ہیٹ ٹرک لگائی تھی۔قابل ذکر ہے کہ وہ چمپئنز ٹرافی کے پہلے ہی اس سال ہندستان کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے تھے اور اس ٹورنامنٹ سے انہوں نے اپنی پوزیشن اور مضبوط کر لی ہے ۔
میرے لئے ٹورنامنٹ خواب جیسا ہے : روپندر
