پابندی صرف فنکاروں کیلئے ہی کیوں؟ : ابھے دیول کا سوال

ممبئی،۲۴؍اکتوبر(پی ایس آئی) اداکار ابھے دیول نے بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے فیصلے کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر میں حکومت کو سنجیدگی سے لے ہی نہیں رہا۔ اگر پابندی ہی عائد کرنی ہے تو ہر شعبہ پر عائد کی جائے صرف فنکاروں پر نہیں۔فلم کی پروموشن کے حوالے سے ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کرتے ہوئے ابھے دیول کا کہنا تھا کہ پابندی صرف فنکاروں کے لیے ہی کیوں ہے؟انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان پر پابندی لگانی ہی ہے تو ہر شعبہ پر لگائی جائے، چاہے وہ کاروبار ہو، چاہے برآمدات ہوں یا درآمدات ہوں۔ پابندی سب پر ہونی چاہیئے۔ صرف فنکاروں پر ہی پابندی کیوں ہے۔ابھے کا کہنا تھا کہ صرف فنکاروں پر پابندی لگائی گئی جبکہ باقی تمام شعبے اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں، ایسا لگ رہا ہے کہ حکومت اس اقدام سے صرف شور مچانا چاہتی ہے۔ابھے نے اس فیصلے کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ میں اس فیصلے کو سنجیدگی سے نہیں لیتا۔ ہاں اگر حکومت تمام شعبوں میں پاکستان سے ہر قسم کے تعلقات منقطع کر دے تو میں اس فیصلے کا احترام کروں گا۔