پرشانت کے خلاف مقدمہ ،ہائی کورٹ میں سماعت آج

پٹنہ 18اکتوبر (اسٹاف رپورٹر): ریاستی حکومت کے صلاح کار پرشانت کشور کے خلاف پٹنہ ہائی کورٹ میں ایک عرضی دائر کی گئی ہے۔ جس پر 19 اکتوبر کو سماعت ہوگی۔ پرشانت کشور کے خلاف ناگرک ادھیکار منچ نے پٹنہ ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی دائر کی ہے۔ عرضی گزار کا کہنا ہے کہ حکومت نے پرشانت کشور کو صلاح کار مقرر کرنے میں ضابطوں کو نظر انداز کیا ہے۔ انہیں کابینہ وزیر کا درجہ دینا بھی ضابطے کے خلاف ہے۔ عرضی گزار کے وکیل دینو کمار کا کہنا ہے کہ پرشانت کشور کا تقرر قانونی نہیں ہے۔ خیال رہے کہ پرشانت کشور نے بہار اسمبلی انتخاب کے دوران جنتا دل یو کیلئے کام کیا تھا۔ انتخاب میں کامیابی کے بعد نتیش حکومت نے پرشانت کو صلاح کار مقرر کیا ،پرشات کشور پہلے اقوام متحدہ میں کام کرچکے ہیں وہاں سے لوٹنے کے بعد انہوں نے سیاسی پارٹیوں کیلئے انتخابی حکمت عملی طے کرنے کاکام شروع کردیا ہے۔ گذشتہ لوک سبھا انتخاب میں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کیلئے کام کیا تھا اور اترپردیش کے اگلے اسمبلی انتخاب میں وہ کانگریس کیلئے کام کررہے ہیں۔