گیا میں تھانہ انچارج قیام الدین انصاری کا قتل

گیا؍پٹنہ، 3 اکتوبر (تاثیر بیورو)گیا کے کوٹھی تھانہ کے انچارج قیام الدین انصاری کا موٹر سائیکل پر سوار بدمعاشوں نے سوموار کی صبح گولی مارکر قتل کردیا۔مسٹر انصاری مارننگ واک کیلئے نکلے تھے اور ٹہلتے ہوئے تھانہ سے کچھ ہی دور پر گئے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار تین جرائم پیشوں نے انہیں گولی مار دی۔گولی لگنے کے بعد وہ حملہ آوروں سے بھڑ گئے ،لوگ معاملے کو سمجھ پاتے اس سے پہلے ہی ایک جرائم پیشہ بائیک سے اترا اور ان کے زخمی جسم پر دھاردار چاقو سے بھی وار کردیا۔ جب حملہ آوروں کو لگا کہ تھانہ انچارج کی سانسیں رک گئی ہیں تو وہ بائک ہر بیٹھ پر اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہوگئے۔ اس واقعہ کے بعد موقع واردات پر لوگوں کی بھیڑ لگ گئی ،پولس بھی وہاں پہنچی لیکن حملہ آوروں کی شناخت نہیں ہوسکی۔ گولی تھانہ انچارج کے سر اور سینے میں لگی ہے جس سے جائے حادثہ پر ہی ان کی موت ہوگئی۔ مسٹر انصاری ضلع اورنگ آباد کے بس ڈیہا تھانہ علاقے کے باشندہ تھے ۔ ریاست کے ایڈیشنل ڈی جی پی سنیل کمار نے پٹنہ میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ قتل میں نکسلی کا ہاتھ نہیں ہے ۔ پولس قاتلوں کی گرفتاری کیلئے خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی تشکیل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاتلوں کو جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا اور شہید قیام الدین انصاری کے ورثا کو 10 لاکھ معاوضہ دیا جائے گا۔ رواں سال کے دوران ریاست میں کسی پولس افسر کے قتل کا یہ پانچواں واقعہ ہے۔ اس سے قبل 8 جنوری کو ضلع ویشالی کے حاجی پور میں اسسٹنٹ اڈیشنل انسپکٹر اشوک کمار یادو کو گولی مار کر قتل کردیا تھا۔ قتل کے بعد بدمعاش مسٹر یادو کے پاس سے روپے اور دیگر کاغذات وغیرہ لے کر فرار ہوگئے تھے ۔ اس معاملے میں اب تک صرف دو افراد کی گرفتاری ہوئی ہے ۔اسی طرح 16 مارچ کو نالندہ ضلع میں ریٹائرڈ اسسٹنٹ ایڈیشنل انسپکٹر منیشور سنگھ کا بدمعاشوں نے گولی مار کر قتل کردیا تھا۔ واردات کو انجام دینے کے بعد بدمعاش مسٹر سنگھ کا سرکاری ریوالور بھی لے کر فرار ہوگئے تھے ، جسے اب تک برآمد نہیں کیا جاسکا ہے ۔رواں برس 18 اپریل کو پٹنہ ضلع کے باڑھ میں بدمعاشو ں نے دن دہاڑے داروغہ سریش ٹھاکر کو گولی مارکر قتل کردیا اور ان کا سروس ریوالور لوٹ لیا۔ مقام تھانہ میں تعینات داروغہ باڑھ عدالت سے واپس لوٹ رہے تبھی بدمعاشوں نے اس واردات کو انجام دیاتھا۔اس کے بعد 24 ستمبر کو ضلع پٹنہ کے فتوحا میں بدمعاشوں نے اسسٹنٹ ایڈیشنل انسپکٹر آر۔آر۔ چودھری دن دہاڑے گولی مارکر قتل کردیاتھا۔قتل کے بعد بدمعاش ان کا سروس ریوالور بھی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے ۔