اردو اساتذہ کی بحالی کا مسئلہ جلد حل ہو جائیگا : چودھری

پٹنہ ، 5 اکتوبر (طارق حسن)۔ بہار پردیش کانگریس کے ہیڈ کوارٹر صداقت آشرم میں آج صبح ضلع کانگریس کمیٹی کے صدور، پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدیداروں اور کانگریس کے ممبران اسمبلی کی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ کی صدارت بہار پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اور ریاستی وزیر تعلیم و انفارمیشن ٹیکنالاجی ڈاکٹر اشوک چودھری نے کی۔ میٹنگ میں کانگریس لیجسلیٹیو پارٹی کے لیڈر سدانند سنگھ، ریاستی وزیر مویشی پروری وماہی وسائل اودھیش کمار سنگھ، ریونیو اور اصلاحات اراضی وزیر ڈاکٹر مدن موہن جھا اور نشہ بندی اور مصنوعات وزیر جلیل مستان موجود تھے۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پردیش کانگریس صدر ڈاکٹر اشوک چودھری نے کہا کہ 17 اکتوبر کو پردیش کانگریس کمیٹی کے اقلیتی سیل اور ایس سی/ ایس ٹی سیل کے ذریعہ مشترکہ طور پر پٹنہ کے شری کرشن میموریل ہال میں ایک عظیم الشان اجلاس انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر چودھری نے کہا کہ بہار میں اقلیت اور ایس سی/ ایس ٹی کی آبادی ریاست کی کل آبادی کا تقریباً 32 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ اتنے ضابطوں اور منصوبوں کے بعد بھی صرف 13 فیصد دلتوں کو ہی اب تک ریزرویشن کی سہولت مل سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ ہی دلتوں اور اقلیتوں کی آواز رہی ہے اور 17 اکتوبر کو ہونے والے اس اجلاس کو کامیاب کرنے کے بعد ہم 2020 کے اسمبلی انتخابات میں دلت اور اقلیت اتحاد کے بل پر ریاست میں کانگریس کا پرچم لہرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا۔ ڈاکٹر اشوک چودھری نے کہا کہ ریاست میں اردو اساتذہ کی بحالی کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔ میٹنگ میں ڈاکٹر ممبر اسمبلی شکیل احمد خان نے کہا کہ کانگریس پارٹی کادلت اور اقلیتی طبقے کا مشترکہ اجلاس کرنے کا منصوبہ بے مثال ہے۔ میٹنگ میں ڈاکٹر دلیپ کمار چودھری، ایم ایل سی ، ممبر اسمبلی راجیش کمار، امیتا بھوشن، پونم پاسوان، بنٹی چودھری، اجیت شرما، بھاونا جھا، سدھارتھ، عبدالرحمن ، منا تیواری، تنویر اختر، ایم ایل سی اور دیگر ضلع صدور موجود تھے۔