اتراکھنڈ میں سیاحوں کیلئے اسپیشل پیکج کااعلان جلد : راوت

دہرادون02 نومبر (ایجنسی): اتراکھنڈ حکومت آئندہ موسم سرما میں بدری گنگا دھام درشن منصوبہ شروع کرنے جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ ہریش راوت کے مطابق محکمہ سیاحت کو اس منصوبے کو مہم کے طور پر شروع کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کے تحت بدری ناتھ اور ماں گنگا کے درشن کیلئے آنے والے لوگوں کیلئے ایک اسپیشل پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔ سب کچھ ٹھیک رہا تو اس ہفتے کے آخر تک اس منصوبے کا آغاز ہوسکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ ہریش راوت کے مطابق نجی اداروں کا اگر تعاون حاصل رہا تو ہیلی کاپٹر سروس بھی منصوبے کے تحت شروع کی جائے گی۔ اس کے تحت مقامی سیاحوں کو ترغیب دلانے کی بھی کوشش کی جائے گی۔