جی ایس ٹی کی شرح 5 سے 28 فیصد تک

نئی دہلی’ 3نومبر(یواین آئی ) ملک میں یکساں ٹیکس نظام نافذ کرنے والی جی ایس ٹی کاونسل نے جی ایس ٹی شرحیں پانچ فیصد’ بارہ فیصد’ اٹھارہ فیصد اور اٹھائیس فیصد رکھنے کی تجویز کی توثیق کردی ہے ۔کاونسل کی میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ملک میں جی ایس ٹی نافذ کرنے کی تیاری سابقہ پروگرام کے مطابق جاری ہے ۔ کونسل نے جی ایس ٹی کی چا ر سطحی سسٹم کی توثیق کی ہے ۔ مہنگائی کے اثر کو دیکھتے ہوئے ٹیکس کی دو شرحوں کی تجویز رکھی گئی تھی۔مسٹر جیٹلی نے بتایا کہ کاربونیٹیڈ ڈرنکس ‘ پان مسالہ’ لگزری کار’ تمباکو مصنوعات کی شرح 28فیصد سے زیادہ ہوگی۔ انہوں نے بتایاکہ جی ایس ٹی کے تحت عام آدمی کے استعمال کی چیزوں مثلاً خوردنی اشیاء پر صفر ٹیکس ہوگا۔ دوسرا زمرہ ان پروڈکٹس کا ہوگا جن کا عوام سب سے زیادہ استعمال کرتے ہیں ۔ اس زمرے میں ٹیکس کی شرح پانچ فیصد ہوگی۔ اس کے علاوہ اٹھائیس فیصد سے زیادہ والے زمرے میں آنے والے اشیاسے حاصل ٹیکس کا استعما ل پانچ فیصد کے زمرے میں آنے والی چیزوں کے لئے کیا جائے گا۔انہوں نے تبایا کہ سونے پر ٹیکس کی شرح کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔جی ایس ٹی کونسل کی دو دن تک چلنے والی اس میٹنگ میں لئے گئے فیصلوں سے مرکزی جی ایس ٹی اور متحدہ جی ایس ٹی سے متعلق بلوں کا راستہ ہموار ہوگا۔ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے تقریباً دو ہفتے پہلے ہونے والی اس میٹنگ میں کئی اہم امور پر فیصلہ لیا جائے گا۔