نئی دہلی’ 7نومبر(یو این آئی) کانگریس کی اعلی پالیسی ساز تنظیم کانگریس ورکنگ کمیٹی نے ملک کے سامنے کھڑے چیلنجوں کے پیش نظر پارٹی کے نائب صدر کو متفقہ طور سے پارٹی کی کمان سونپنے کی خواہش ظاہر کی ہے اور ان جذبات سے کانگریس صدر سونیا گاندھی کو واقف کراکے انہیں ہی اس ضمن میں حتمی فیصلہ کی ذمہ داری سونپی ہے ۔ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد پارٹی کے سینئر لیڈر اے کے انٹونی اور پرچار محکمہ کے سربراہ رندیپ سنگھ سورجے والا نے آج یہاں نیوز کانفرنس میں کہا کہ کمیٹی نے پہلی بار متفقہ طور پر خواہش ظاہر کی ہے کہ مسٹر گاندھی کو کانگریس صدر بنایا جانا چاہئے ۔ ملک کے کروڑوں کارکنوں کا خیال ہے کہ مسٹر گاندھی کو پارٹی کی ذمہ داری سونپی جانی چاہئے اوراس جذبہ کے مطابق خواہش ظاہر کرتے ہوئے کمیٹی نے بھی پارٹی نائب صدر کو ایک آواز سے صدارت سونپنے پر اپنی رائے دی۔مسٹر انٹونی نے کہا کہ کمیٹی اس معاملہ پر کس طرح ایک رائے پر تھی۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے پہلی مرتبہ کہا ہے کہ ملک کے سامنے جو موجودہ صورت حال ہے ‘ اس سے نمٹنے کے لئے مسٹر گاندھی کو پارٹی کی ذمہ داری سنبھالی چاہئے ۔اس سے قبل کانگریس صدر سونیا گاندھی کی غیر موجودگی میں نائب صدر راہل گاندھی کی صدارت میں کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی اہم میٹنگ شروع ہوئی۔میٹنگ میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد، لوک سبھا میں پارٹی کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے ، سینئر کانگریسی لیڈر اے کے انٹونی، کانگریس صدر کے سیاسی مشیر احمد پٹیل، کانگریس خزانچی موتی لال وورا اور پارٹی کے جنرل سکریٹری جناردن دویدی، اتر پردیش کانگریس کے صدر راج ببر سمیت کئی اہم رہنما شریک ہوئے۔جلسے کی کارروائی شروع کرنے سے پہلے قوم کے لئے جان عزیز قربان کرنے والے شہدا کو خراج پیش کیا گیا ۔ یہ اجلاس اہم سیاسی امور کے پس منظر میں پارٹی کی حکمت عملی اور موقف طے کرنے کے لئے بلایا گیا تھا۔ ان امور میں 16 نومبر کو شروع ہونے والا پارلیمنٹ کا اجلاس سرما او آر او پی پر حکومت کی کارروائی اور موقف، کنٹرول لائن پار فوج کی سرجیکل کارروائی سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی مبینہ کوشش اور اترپردیش اسمبلی کے سیاسی اعتبار سے انتہائی اہم الیکشن میں بی جے پی کے خلاف ایک وسیع تر اتحاد قائم کرنے کے امور شامل تھے ۔
راہل گاندھی سنبھالیں کانگریس کی کمان: کانگریس ورکنگ کمیٹی
