چراغ اقوام متحدہ میں ہندستان کی نمائندگی کریں گے

نئی دہلی، 8 نومبر (یو این آئی) لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) مرکزی پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین اور رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان اقوام متحدہ میں مستقل ہندستانی مشن پر ہندوستان کاموقف رکھیں گے ۔پارٹی ترجمان اشرف انصاری نے یہاں میڈیا کو بتایا کہ ‘جونیئر پاسوان’ کی قیادت میں چار رکنی ہندستانی وفد نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71 ویں اجلاس میں شامل ہونے کے لئے آج روانہ ہوا۔ مسٹر چراغ پاسوان وہاں ‘اقوام متحدہ میں ہندستان کے مستقل مشن’ موضوع پر حکومت کا موقف رکھیں گے ۔بہار کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کوئی نوجوان رکن پارلیمان اقوام متحدہ میں ہندستان کی نمائندگی کریں گے اور ہندوستانی حکومت کا موقف رکھیں گے ۔ مسٹر چراغ پاسوان 14 نومبر تک امریکہ کے دورے پر رہیں گے ۔ وہ اقوام متحدہ میں ہندوستانی حکومت کاموقف رکھنے کے ساتھ ساتھ ہندستانی ہائی کمیشن کی طرف سے منعقد سکریٹری سطح کی میٹنگ اور کئی دیگر میٹنگوں میں بھی شامل ہوں گے ۔ پارٹی نے چار رکنی وفد میں مسٹر چراغ پاسوان کو شامل کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے ۔