دہشت گردی کے خلاف بھارت۔اسرائیل متحد

نئی دہلی، 15 نومبر (یو این آئی) ہندوستان اور اسرائیل نے دہشت گردی کے خلاف اور دفاع کے میدان میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ اس سے عالمی سطح پر امن، استحکام اور جمہوریت کی آواز کو مضبوطی ملے گی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے یہاں اسرائیل کے صدر ریووین رولن کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کے بعد میڈیا کے سامنے جاری بیان میں عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی آج دنیا کے سامنے سب سے بڑا چیلنج ہے ۔ اس چیلنج کے خلاف کارروائی نہ کرنے اور خاموش رہنے سے دہشت گردوں کے حوصلے بڑھیں گے ، ایسے میں اس چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لئے ہندوستان اور اسرائیل نے باہمی تعاون بڑھانے اور دفاع کے میدان میں اپنے تعلقات کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔مسٹر مودی اور مسٹر رولن کے درمیان وفد سطح کی بات چیت کے بعد ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان آبی وسائل کی ترقی اور زراعت کے میدان میں دو اہم معاہدوں پر دستخط بھی کئے گئے ۔ وزیر اعظم نے مسٹر رولن کے دورہ ہند کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو گہرا کرنے میں کافی فائدہ مند بتاتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ ہندوستان کی ڈھائی دہائی پرانی دوستی کا دونوں ممالک کو بھرپور فائدہ ملا ہے ۔ سب سے زیادہ فائدہ دونوں ملکوں کے عوام کو ہوا ہے ۔ اس عوام کو جو ‘ہماری حقیقی طاقت’ ہے ۔وزیر اعظم نے اس موقع پر اسرائیلی کمپنیوں کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پیداوار اور مینوفیچکرنگ کے میدان میں بھی تعاون کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی کمپنیاں ہندوستان میں شروع کئے گئے ‘میک ان انڈیا’، ‘اسکل انڈیا’ اور اسمارٹ سٹی منصوبے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان اور اسرائیل نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ ہندوستانی معیشت کی موجودہ صورت حال میں اسرائیلی کمپنیوں کے لئے ہندوستان میں بڑے امکانات موجود ہیں۔مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان خشک سالی سے دوچار علاقوں اور پانی کے انتظام میں اسرائیل کی زرعی اور آب پاشی کی اعلی درجے کی ٹیکنالوجی سے خوب واقف ہے اور اس علاقے میں اسرائیل کے ساتھ باہمی تعاون کو آگے لے جانا چاہتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان تعاون دونوں ملکوں کے عوام کی زندگیوں میں بہتر تبدیلی لا رہا ہے ۔ اگلے سال دونوں ملک اپنے سفارتی تعلقات کی 25 ویں سالگرہ منائیں گے ۔ ایسے موقع پر دونوں قوم علاقائی اور عالمی سطح پر کئی شعبوں میں باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے مصروف عمل ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ کئی دہائیوں سے ہندوستان میں آباد یہودی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان سیاسی ہی نہیں بلکہ ثقافتی سطح پر بھی بہتر تعلقات کی جیتی جاگتی مثال ہے ۔ یہ کمیونٹی ہندوستان کی ملی جلی ثقافت کا اہم حصہ ہے جس پر ہمیں فخر ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ بات ذہن میں رکھتے ہوئے ہی ہم دونوں ممالک کے عوام کے درمیان براہ راست رابطے کو مزید بڑھانے پر متفق ہوئے ہیں۔