قاضی شریعت مولانا جسیم الدین رحمانی سپردخاک

پٹنہ 03 نومبر (طارق حسن): امارت شرعیہ بہار، جھارکھنڈ اور اڑیسہ کے قاضی شریعت مولانا جسیم الدین رحمانی کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں جمعرات کو حاجی حرمین قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ اس سے قبل امارت شرعیہ کے احاطہ میں ان کی نماز جنازہ ناظم امارت شرعیہ مولانا انیس الرحمن قاسمی نے پڑھائی۔ جس میں ہزاروں لوگ شریک ہوئے۔ مولانا کا جسد خاکی جس وقت امارت شرعیہ میں لایا گیا عقیدت مندوں کی بھیڑ ان کے آخری دیدار کیلئے امڈ پڑی۔ نماز جنازہ اور تدفین میں دیگر لوگوں کے علاوہ وزیر مالیات عبدالباری صدیقی ، مقامی رکن اسمبلی شیام رجک ، نگر پریشد کے سابق چیئرمین آفتاب عالم بھی شریک ہوئے۔