20 لاکھ تک کی تجارت جی ایس ٹی کے دائرے سے باہر

نئی دہلی’ 4نومبر(یو این آئی) مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج کہا کہ بیس لاکھ روپے سالانہ تک کا کاروبار ملک میں یکساں ٹیکس نظام جی ایس ٹی کے دائرہ سے باہر رہے گا۔جی ایس ٹی کونسل کی دو دن تک چلی میٹنگ کے بعد مسٹر جیٹلی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ میٹنگ میں تمام ریاستوں کے درمیان یہ عام رائے تھی کہ کسی کے ساتھ بھی خصوصی سلوک نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اندازہ لگانے کے لئے تکنیک کا استعمال کیا جائے گا اور اس سے ٹیکس دہندگان اور انڈسٹری کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس کے تعین کے لئے دو پیمانے نہیں ہوسکتے اس لئے اس پیچیدہ اور اہم موضوع کیلئے واضح ہدایات کی ضرورت ہے تمام ٹیکس افسران کو ٹیکس کے متعلق تربیت دی جاے گی اور اس کے سلسلے میں واضح ہدایات دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بیس لاکھ روپے تک کا روبار جی ایس ٹی کے دائرے سے باہر ہوگا۔