آر بی آئی کابنگال کو نوٹ فراہمی میں امتیازی رویہ :ممتا

کلکتہ یکم دسمبر (یو این آئی)مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج ریزرو بینک آف انڈیاپرریزرو بینک آف انڈیا پر بنگال کے ساتھ امتیازی سلوک اختیار کرنے کا الزام عاید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستوں کو نوٹوں کی فراہمی میں تعصب کے ساتھ کام لیا جارہا ہے ۔خیال رہے کہ مہینے کے پہلے دن ریاست کے بیشتر بینکوں اور اے ٹی ایم مشینوں پر طویل قطاریں تھیں اور دن کے ابتدائی گھنٹے بعد ہی بیشتراے ٹی ایم مشینوں میں روپیہ ختم ہوگیا تھا۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ تنخواہ یافتہ طبقہ کافی پریشان ہے ، زندگی گزارنے کیلئے اپنے روپیہ بینکوں سے نہیں نکال پارہے ہیں ۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ریزر و بینک آف انڈیا بنگال کو نوٹ فراہمی کے معاملے میں امتیازی سلوک سے کام لے رہی ہے ۔ریاست کی ضرورت کے مطابق نقد نہیں دیا جارہا ہے اس کی وجہ سے ریاست کے کام کاج کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے ۔ممتابنرجی نے کہا کہ بنگال میں پانچ سو کے نئے نوٹ دیکھنے کو نہیں مل رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے ساتھ مکمل طور پر تعصب اور امتیازی رویہ برتا جارہا ہے ۔ممتا بنرجی نے آر بی آئی سے مطالبہ کیا کہ ریاست کو زیادہ سے زیادہ نقد فراہم کیا جائے ۔واضح رہے کہ 8نومبر کو وزیر اعظٹ نریندر مودی کے ذریعہ پانچ سوا ور ہزار روپے کے پرانے نوٹوں پرپابندی عاید کیے جانے کے بعد ہی ممتا بنرجی وزیر اعظم مودی اور مرکزی حکومت کی سخت تنقید کررہی ہیں ۔بلکہ وہ دہلی ، لکھنو اور پٹنہ میں وزیر اعظم مودی کے خلاف ریلیاں کی ہیں ۔ممتا بنرجی نے مودی ہٹلر قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوٹوں پرپابندی کا فیصلہ عوام دشمنی پر مبنی ہے اور اس فیصلے کو واپس لیے جانے تک تحریک چلاتی رہیں گی۔ممتا بنرجی پہلی وزیر اعلیٰ ہیں جنہوں نے اس معاملے میں سخت موقف اختیار کیا ہے ۔