انجری نے بنایا اشون کو آف اسپنر

نئی دہلی، 23 دسمبر (یو این آئی) آئی سی سی کے کرکٹر آف دی ایئر اور ٹیسٹ کرکٹر آف اسپنر روی چندرن اشون نے اپنی شروعات درمیانہ تیز گیند باز اور بلے باز کے طور پر کی تھی لیکن ہپ کی انجری نے انہیں آف اسپنر بنا دیا ہے ۔آج دنیا بھر میں سرکردہ بلے بازوں کو اپنی اسپن پر نچاتے ہوئے وکٹیں حاصل کر رہے اشون نے اپنا کرکٹ کیریئر بطور درمیانہ تیز گیند باز کے طور پر شروع کیا تھا۔وہ ہندوستان کی انڈر 17 ٹیم میں بلے باز کے طور پر بھی کھیلے تھے ۔اشون کو انڈر 14 میچ کے دوران ہپ میں چوٹ لگ گئی تھی۔یہ چوٹ اتنی شدید تھی کہ انہیں اس کے بعد دو ماہ تک اسکول سے اور ایک سال تک میدان سے باہر رہنا پڑا تھا۔یقین اور بلند ارادوں کے اشون نے تین سال بعد انڈر 17 عمرزمرے میں پھر سے کرکٹ میں واپسی کی اور وہ بھی بطور بلے باز ۔
ہپ کی چوٹ کے بعد انہوں نے کرکٹ میں تو واپسی کر لی لیکن وہ پھر سے تیز گیند بازی نہیں کر سکے ۔انہوں نے آف اسپنر بننے کا فیصلہ کیا۔انہیں اس کے بعد بھی تمل ناڈو کی ریاستی جونیئر ٹیم میں بطور بلے باز ہی شامل کیا گیا لیکن انہوں نے آف اسپن پر اپنی کوششیں جاری رکھیں۔
اشون کے کوچ نے انہیں اسکول میں ہدایت دی تھی کہ وہ سلیکشن ٹرائل میں اسپن نہیں ڈالیں کیونکہ کوچ کو یقین تھا کہ اشون صرف اپنی بلے بازی کے دم پر ہی ریاست کی جونیئر ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔کوچ یہ بھی چاہتے تھے کہ اشون اسکول کے دیگر آف اسپنروں کے مواقع نہیں خراب کریں۔اشون نے کہا کہ جب میں نے انڈر 17 کھیل لیا اور میں اسکول چھوڑنے والا تھا کوچ نے مجھ سے کہا کہ آپ ایک دن ہندستان کے لیے آف اسپنر کھیلیں گے ۔
قابل ذکر ہے کہ موجودہ نمبر ایک ٹیسٹ بولر اور نمبر ایک آل را¶نڈر اشون کو حال ہی میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے سال 2016 کے بہترین کرکٹر اور ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کے لئے چنا گیا ہے اور وہ راہل دراوڑ کے بعد محض دوسرے ہندوستانی کرکٹر ہیں جنہیں ایک ہی سال میں یہ دو اعزاز حاصل ہوئے ہیں۔
ان کی بیوی اور ہم جماعت پریتی نارائن نے اپنی کچھ پرانی یادیں شئیر کرتے ہوئے بتایا کہ اشون بچپن سے بے حد شرارتی تھے ۔انہوں نے کہاکہ اشون انتہائی شرارتی طالب علم ہیں۔ان کی شروع سے کھیلوں میں دلچسپی رہی ہے اور کرکٹ کے علاوہ وہ بال بیڈمنٹن، ٹینس اور فٹ بال وغیرہ بھی کھیلتے تھے ۔اس وقت بھی ہم سب کو یہ امید تھی کہ وہ مستقبل میں کچھ خاص کریں گے ۔اشون کو کرکٹ کے علاوہ فلمیں دیکھنے کا بھی کافی شوق رہا ہے ۔اشون آئی سی سی کی سال 2016 کی بہترین ٹیسٹ ٹیم میں جگہ پانے والے اکیلے ہندستانی بھی ہیں۔اشون کو آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم 2016 میں آٹھویں نمبر پر رکھا گیا ہے ۔اشون سال 2015 میں نمبر ون ٹیسٹ بولر رہے تھے جبکہ سال 2016 میں وہ دو بار ٹاپ پر پہنچے اور سال کی تکمیل بھی وہ ٹیسٹ کے ٹاپ بولر کے طور پر ہی کریں گے ۔