چوتھے مرحلے کی پولنگ آج،سونیا نے ووٹروں کو لکھا جذباتی خط

لکھنؤ، 22فروری (یو این آئی) اترپردیش اسمبلی الیکشن کے چوتھے مرحلے میں کل بارہ اضلاع کی 53 سیٹوں پر ہونے والی پولنگ کنڈا کے راجہ بھیا کے ساتھ دہائیوں سے سیاسی افق پر اثر ڈالنے والے بڑے رہنماوں کی نئی نسل کا مستقبل بھی طے کرے گی۔چوتھے مرحلے میں کانگریس یک راجیہ سبھا رکن پرمود تیواری کی بیٹی اور رام پور خاص سے امیدوار ارادھنا مشرا، پرتاپ گڑھ میں کنڈا سے آزادامیدوار رگھو راج پرتاپ سنگھ عرف راجہ بھیا ، رائے بریلی میں ممبر اسمبلی اکھلیش سنگھ کی بیٹی اور کانگریس امیدوار ادیتی سنگھ، اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر سوامی پرساد موریہ کے بیٹے اترکش موریہ ، اونچاہار سیٹ سے ، کرچھنا اسمبلی حلقہ میں سما وادی پارٹی کے سینئر لیڈر ریوتی رمن سنگھ کے بیٹے اجول رمن سنگھ کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔اس مرحلے میں گاندھی نہرو خاندان کے اہمیت کا حامل الہ آباد اور کانگریس صدر سونیا گاندھی کے پارلیمانی حلقہ رائے بریلی کے علاوہ پرتاپ گڑھ، کوشامبی، جالون ، جھانسی، للت پور، مہوبا ، باندہ، حمیر پور، چترکوٹ اور فتح پور میں ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ سونیا گاندھی نے رائے بریلی اور امیٹھی کے عوام کے نام ایک جذباتی کھلا خط لکھا ہے اور انہیں یاد دلایا ہے کہ کس طرح مرکز کی مودی حکومت نے اچھے دن کا وعدہ کر کے ان کے پاس جو پہلے سے تھا اسے بھی چھین لیا ہے۔ پرامن پولنگ کے لئے مرکزی فورسیز کے دو لاکھ سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ ریاست کے چیف الیکشن افسر ٹی وینکٹیش نے آج یہاں بتایا کہ پولنگ کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ تمام پولیس افسرا ن اور اہلکار اپنے اپنے علاقے میں پولنگ بوتھوں پر پہنچ رہے ہیں۔ حساس علاقوں میں ڈرون کیمرے لگائے جارہے ہیں۔چوتھے مرحلے میں ایک کروڑ 84 لاکھ ووٹر 680امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے ۔ الہ آباد شمالی سیٹ پر سب سے زیادہ 26 امیدوار اور کھاگا، منجھن پور اور کنڈا میں سب سے کم چھ چھ امیدوار اپنی قسمت آزمار ہے ہیں۔ 2012میں ان علاقوں میں سماج وادی پارٹی کو 24سیٹوں پر کامیابی ملی تھی جب کہ بی ایس پی نے پندرہ ، کانگریس نے چھ، بی جے پی نے پانچ اور پیس پارٹی نے تین سیٹیں جیتی تھیں۔