روس کا 2022 تک سیاحوں کو چاند پر لے جانے کا اعلان

ماسکو: روس کی معروف ایرواسپیس کمپنی انرجیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2022 تک سیاحوں کی پہلی فلائٹ چاند پر اتارے گی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق انرجیا کمپنی کے سی ای او ولادی میر سولینسیو کا کہنا ہے کہ 2022 تک سیاحوں کو چاند پر لے جانے کے لئے مختلف کمپنیوں سے ا?ئندہ ماہ معاہدے کریں گے جب کہ پہلی پرواز میں 9 سیاحوں کو سویوز اسپیس کرافٹ میں چاند کے مدار پر لے جایا جائے گا۔ کمپنی سی ای او کے مطابق چاند پر جانے کے خواہشمند افراد رواں ہفتے اپنے کوائف جمع کرا دیں جس کے بعد انہیں 5 سے 6 سال انتظار کے بعد چاند پر لے جایا جائے گا اور معاہدے پر دستخط کرنے والوں میں سے ممکنہ امیدواروں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اس سے قبل انرجیا کمپنی کا گزشتہ سال نومبر میں کہنا تھا کہ ان کے سیاحوں کی پہلی فلائٹ 2031 سے پہلے نہیں جاسکتی تاہم اب کمپنی نے سیاحوں کو 2022 تک چاند لے جانے کا اعلان کر کے سب کو حیران کردیا ہے تاہم کمپنی نے چاند کا سفر کرنے کے اخراجات کے حوالے سے اب تک کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔