میں اجے دیوگن کو نہیں جانتا : کرن جوہر

کرن جوہر اور کاجول کی دوستی ختم ہو چکی ہے لیکن اس ٹوٹے رشتے کے دھاگے ہیں کہ اور ہی الجھتے جا رہے ہیں، کبھی کرن کوئی تیر چھوڑتے ہیں تو کبھی کاجول نشتر چبھوتی ہیں۔
ایک انٹرویو میں جب کاجول سے کرن کے جڑواں بچوں کے بارے میں سوال کیا گیا تو انھوں نے انتہائی بے رخی سے کہا ‘نو کمنٹس’۔
چند روز پہلے جب صحافی برکھا دت نے کرن سے اجے دیوگن کے بارے میں سوال کیا تو کرن کا کہنا تھا کہ اس شخص کے ساتھ ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ’میں انھیں نہیں جانتا، بس اتنا معلوم ہے کہ وہ کاجول کے شوہر ہیں‘۔ کرن کا کہنا تھا کہ وہ انھیں شناسا بھی نہیں سمجھتے۔
ایک زمانہ تھا جب کرن کاجول کو اپنا لکی چارم مانتے تھے۔ اگر کاجول ان کی فلم کی ہیروئن نہ بھی ہوتیں تو کرن ان کا ایک شاٹ فلم میں ضرور رکھتے تھے۔
کہا جاتا ہے کہ کرن کے خیال میں ‘کاف’ ان کے لیے بہت لکی ہے اسی لیے ان کی فلموں کا نام بھی کاف سے شروع ہوتا ہے۔ اب لگتا ہے کرن کو یہی کاف کافی مہنگا پڑنے لگا ہے پہلے کنگنا کی شکل میں اور اب کاجول۔
اس ہفتے گلوکار سونو نگم میڈیا اور سوشل میڈیا پر چھائے رہے، بھئی موضوع ہی ایسا تھا کہ ہنگامہ لازمی تھا۔ مغربی بنگال کے مولوی کا فتوی، یاسمین کا وائرل ہونے والا ویڈیو اور سوشل میڈیا پر ڈھیر ساری لتاڑ۔ اس سب کے بعد سونو نگم کو آذان کی آواز کے باوجود بھی اچھی نیند آ رہی ہو گی۔
ویسے موضوع چاہے انڈیا میں عدم برداشت کا ہو یا بالی وڈ میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے کا۔ انڈسٹری کا کوئی نہ کوئی جیالا جھنڈا اٹھا کر آگے آ ہی جاتا ہے، ہاں نام بدل جاتا ہے کبھی انوپم کھیر تو کبھی کوئی اور۔ اب اذان سے پریشان سونو نگم بھی اس بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے چل پڑے۔ اب اس تنازع کا نتیجہ تو اگلے نیشنل ایورڈز تک ہی پتہ چل پائے گا۔
ویسے بھی انھوں نے کافی عرصے سے کوئی بڑا کارنامہ انجام نہیں دیا تھا۔ اپنے کریئر کی اس خاموشی کے دوران حال ہی میں سونو نے سچن تندولکر کے ساتھ کرکٹ بیٹ سانگ ویڈیو ریکارڈ کیا ہے اور اس ویڈیو میں بھی سچن گونجتے دکھائی دیے۔
اداکارہ گوہر خان نے بگ باس کی کامیابی کے بعد فلم بیگم جان میں خود کو ایک اچھی اداکارہ ثابت کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ گوہر کہتی ہیں کہ انھوں نے روایات کو توڑنے کی کوشش کی ہے اور آگے بھی کرتی رہیں گی۔
گوہر کا کہنا ہے کہ ان سے کہا گیا تھا کہ بگ باس جیسا ریالٹی شو نہ کریں۔ انھوں نے نہ صرف یہ شو کیا بلکہ جیتا بھی۔ پھر ان سے کہا گیا کہ آپ آئٹم نمبر نہ کریں اس سے ان پر آئٹم گرل کا لیبل لگ جائیگا، انھوں نے کیا اور اس کے بعد انھیں بیگم جان جیسی فلم ملی۔
گوہر خان انڈسٹری میں نئی نہیں ہیں وہ ایک کامیاب ماڈل رہ چکی ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ انھیں بگ باس میں کامیابی کے بعد ایک ایکٹریس کی شکل میں حال میں نوٹس کیا گیا۔ اب آگے کا راستہ ان کی صلاحیتیں طے کریں گی۔