ونود کھنہ کا انتقال، باہوبلی کا پریمئر رد،سونیا،نتیش کا اظہار غم

ممبئی، 27 اپریل (یواین آئی) فلم اداکار اور ممبر پارلیمنٹ ونود کھنہ کا آج یہاں گرگاؤں کے ایچ این ریلائنس فاؤنڈیشن اینڈ ریسرچ سینٹر میں انتقال ہو گیا۔ وہ 70 سال کے تھے ۔ خاندان کے ذرائع نے ان کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے ۔ اسی وجہ سے ان کو گزشتہ کئی دنوں سے گرگاؤں کے ایچ این ریلائنس فاؤنڈیشن اینڈ ریسرچ سینٹر میں داخل کرایا گیا تھا۔حال ہی میں ان کی ایک تصویر بھی سامنے آئی تھی جس میں وہ کافی بیمار نظرآ رہے تھے ۔ 144 فلموں میں کام کر چکے کھنہ موجودہ لوک سبھا میں بھارتیہ جنتا پارٹی رکن پارلیمنٹ تھے ۔ واجپئی حکومت میں وزیرمملکت بھی رہ چکے تھے ۔ مسٹر کھنہ چار بار پنجاب کے گرداس پور سے ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوئے ۔ونود کھنہ کے انتقال کے بعد بالی ووڈ نے کل ریلیز ہونے والی فلم باہو بلی کا ممبئی میں ہونے والا پریمیر رد کردیا ہے ۔ باہو بلی کے ایک خالق کرن جوہر نے ٹوئٹ کیا ” اپنے چہیتے اداکار کے احترام میں باہو بلی کی پوری ٹیم نے طے کیا ہے کہ آج رات ہونے والا پریمیئر منسوخ کردیا جائے ۔ اس فلم کا نام ہرایک کی زبان پر ہے ۔ اس کے پریمیئر میں فلم کی پوری اسٹار کاسٹ کے علاوہ بالی ووڈ اور جنوبی ہندستان کی فلموں کی کئی بڑی ہستیاں شامل ہونے والی تھیں ۔ پریمئر کی تیاری ہالی ووڈ فلموں کے پریمیئر کی طرز پر کی گئی تھی۔ونود کھنہ کے انتقال پر کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی نے صدمے کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں ونود کھنہ کے اہل خاندان کے ساتھ ہیں۔ بہار کے وزیراعلی نتیش کمار نے مشہور فلم اداکار اور گرداس پور سے ممبر پارلیمنٹ ونود کھنہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مسٹر کھنہ مشہور اداکار اور مقبول ممبر پارلیمنٹ تھے ۔ انکے انتقال سے سیاسی اور فلمی دنیا کو ناقابل تلافی نقصا ن ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1980 کی دہائی میں مسٹرکھنہ فلمی شائقین کے دلوں پر چھائے رہے اور فلموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ سیاست کے میدان میں بھی مقبولیت حاصل کی تھی۔ وزیراعلی نے آنجہانی کی روح کے سکون اور خدا سے انکے لواحقین اور مداحوں کو دکھ کی اس گھڑی میں صبر عطا کرنے کی دعا کی۔ راشٹریہ جنتادل کے صدر لالو پرساد یادو سابق وزیراعلی رابڑی دیوی ، نائب وزیراعلی تیجسوی پرساد یادو ، وزیر صحت تیج پرتاپ یادو اور ممبر پارلیمنٹ میسا بھارتی نے بھی مسٹر کھنہ کے انتقال پر گہرا دکھ ظاہر کیا ہے ۔