لالو 70 سال کے ہوئے ، وزیر اعلی سمیت کئی لیڈروں نے دی مبارکباد

پٹنہ، 11 جون (یو این آئی)راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو کے 70 ویں سالگرہ پر آج بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار سمیت کئی جماعتوں کے لیڈروں نے مبارک باد پیش کی ہے ۔مسٹر یادو کی بیوی و سابق وزیر اعلی محترمہ رابڑی دیوی کی رہائشگاہ دس سرکلر روڈ پر انہیں سالگرہ کی مبارکباد دینے والوں کا صبح سے ہی تانتا لگا رہا۔ وزیر اعلی مسٹر کمار نے ان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر انہیں گلدستہ پیش کیا۔ اس کے بعد مسٹر کمار نے مسٹر یادو سے گلے مل کر مبارک باد دی۔انہوں نے مسٹر یادو کے صحت مند، کامیاب اور طویل زندگی کی دعاکی۔ آر جے ڈی صدر کو صبح سے ہی یوم پیدائش کے کی مبارک باد دینے والوں کا تانتا لگا رہا۔ آر جے ڈی کے ریاستی صدر رام چندر پوروے کارکنوں کی جانب سے ایک بڑا کیک لائے ، جسے مسٹر یادو نے کاٹا اور کارکنوں کو کھلایا۔ آر جے ڈی صدر کو یوم پیدائش کی مبارک باد دینے والوں میں پارٹی کے ریاستی صدر رام چندر پوروے ، وزیرخزانہ عبدالباري صدیقی، کانگریس کے ریاستی صدر اور وزیر تعلیم اشوک چودھری، وزیر زراعت رام وچار رائے ، اقلیتی بہبود کے وزیر عبد الغفور، وزیر سیاحت انیتا دیوی، لیبر وسائل کے وزیر وجے پرکاش، کان کے وزیر منیشور چودھری، وزیر صنعت جے کمار سنگھ، وزیر ٹرانسپورٹ چندریکا رائے سمیت نتیش کابینہ کے کئی وزرا، رکن اسمبلی اور ایم ایل سی شامل تھے ۔