فولاد سے بھی 200 گنا زیادہ مضبوط ربر

گریفین شامل کرکے فولاد سے 200 گنا زیادہ مضبوط ربر تجرباتی طور پر تیار کرلیا گیا ہے۔

اوہایو: ایک امریکی کمپنی نے عام ربر میں ’’گریفین‘‘ نامی مادّے کی آمیزش سے ایسا ربر ایجاد کر لیا ہے جو نہ صرف انتہائی لچک دار ہے بلکہ فولاد کے مقابلے میں بھی 200 گنا زیادہ مضبوط ہے۔

اوہایو میں واقع الائنس ربر کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اس نے یونیورسٹی آف سسیکس برطانیہ کے تعاون سے ایک ایسا ربر ایجاد کر لیا ہے جس میں سالماتی چادروں والی کاربن یعنی ’’گریفین‘‘ (graphene) شامل کی گئی ہے اور اسی کی بدولت یہ فولاد کے مقابلے میں 200 گنا زیادہ مضبوط اور پائیدار بھی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس نئے اور دنیا کے مضبوط ترین ربر پر مشتمل مصنوعات کی تیاری جلد ہی شروع کر دے گی البتہ اس سے پہلے روایتی ربر میں گریفین کی درست ترین مقدار کا تعین کرنا ضروری ہے جسے تجارتی پیمانے پر اس میں شامل کر کے ربر کی بڑی چادروں میں بھی مطلوبہ مضبوطی حاصل کی جا سکے۔ ترجمان الائنس ربر کے مطابق اس کام میں انہیں زیادہ سے زیادہ ایک سال لگے گا جس کے بعد اس ربر کی صنعتی پیداوار شروع کر دی جائے گی۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ ایک دہائی کی تحقیق سے گریفین کی نت نئی خوبیاں مسلسل سامنے آ رہی ہیں جن میں سے ایک اس کی بے مثال مضبوطی بھی ہے۔ توقع ہے کہ عام ربر میں درست تناسب سے گریفین شامل کر کے فولاد سے بھی 200 گنا زیادہ مضبوط ربر تیار کیا جاسکے گا جو پیکیجنگ سے لے کر کبھی پنکچر نہ ہونے والے ٹائروں میں ایک نئے انقلاب کی وجہ بنے گا۔