وزیراعلیٰ نے راحتی کیمپوں کا کیا معائنہ ،متاثرین کا حال جانا

پٹنہ 22 اگست (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج پورنیہ میں سیلاب راحت کے کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے پورنیہ میں بنائے گئے فوڈ پیکٹنگ سنٹر سیلاب راحت کیمپ ، مویشی راحت کیمپ ، کمیونیٹی کیچن سب کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے پورنیہ کالج میں بنے فوڈ پیکٹنگ سینٹر کا معائنہ کیا اور خود سیلاب متاثرین کیلئے بنائے جارہے فوڈ پیکٹ میں رکھی جارہی چیزوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے فوڈ پیکٹ میں ڈالے جارہے سامان کا وزن بھی چیک کیا۔ پورنیہ کالج میں سوکھا راشن پیکٹنگ سنٹر کابھی معائنہ کیا۔ اس کے بعد وزیرا علیٰ نے چائلڈ لیبر اسکول بیل گاچھی ڈگروا میں چلائے جارہے ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا اور کیمپوں میں رہ رہے لوگوں سے ملاقات کی اور ان کا حال چال جانا۔ انہوں نے راحت کیمپ میں چلنے والے کیچن کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے کھانوں کو دیکھا اور معائنہ کیا۔ انہوں نے کیمپوں میں رہ رہے بچوں سے بھی بات چیت کی اور انہیں ملنے والی سہولیات کے بارے میں جانا۔ وزیراعلیٰ نے صحت کیمپ کا بھی معائنہ کیا اور دستیاب دواؤں کے سلسلے میں تفصیلی جانکاری حاصل کی۔ اس بیچ بہار میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعظم نریندر مودی 26 اگست کو بہار آرہے ہیں۔