گھوٹالہ کے قصوروار بخشے نہیں جائیںگے

پٹنہ 21 اگست (تاثیر بیورو): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ بھاگلپور کے بدنام زمانہ سرجن گھوٹالہ میں اگر کسی نے ایک روپئے بھی کھایا ہوگا تو وہ بچے گا نہیں۔ قصورواروں کو زمین کے اندر سے بھی کھینچ نکالاجائے گا۔ انہوںنے کہا کہ جتنی جلدی اس معاملے کی سی بی آئی جانچ شروع ہو وہ اچھا رہے گا۔ وزیراعلیٰ سوموار کو اپنے اسمبلی چیمبر میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوںنے کہا کہ یہ معمولی گھوٹالہ نہیں ہے۔ اس طرح فرضی واڑا آگے نہ ہو اس کیلئے قومی سطح پر ایک سسٹم بھی تیار کرنا چاہئے، کوئی راستہ نکلنا چاہئے جس سے اس طرح کی سرگرمیوں پر روک لگ سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضلع انتظامیہ کا چیک باﺅنس نہیں ہوتا تو پتہ نہیں یہ فرضی واڑا کب تک چلتا رہتا۔ انہوں نے کہا کہ سنجیدگی اس معاملے کی لگاتار اعلیٰ سطحی جانچ چل رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کا پیسہ ہے اس کی وصولی بھی لازمی طور پر کی جائے گی۔ ابھی جانچ چل رہی ہے، کون کون اس میں شامل ہیں اور کہاں کہاں پیسہ گیا ہے اس کی تہہ تک حکومت جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ حکومت سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کررہی ہے۔ جہاں تک کشتی نہیں پہنچ رہی ہے وہاں ہیلی کاپٹر سے کھانے کے سامان گرائے جارہے ہیں۔ جیسے ہی ان علاقوں میں پانی گھٹے گا متاثرین کو پورے مہینے کا راشن اور دوسری ضروری اشیا مہیا کرائی جائیںگی۔ جن مکانوں کو نقصان پہنچا ہے ان کی دوبارہ تعمیر اور فصل کو ہونے والے نقصان کی تلافی کیلئے بھی حکومت ہر ممکن مدد کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے سوموار کو سیلاب راحت کے کاموں کا بھی اعلیٰ سطحی جائزہ لیا۔ انہو نے اعلیٰ افسران کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کو وقت پر راحت پہنچائی جائے ۔ بچاﺅ اور راحت کاری میں مزید تیزی لائی جائے۔ ٹوٹی ہوئی سڑکوں کو جلد سے جلد درست کیا جائے ۔ کشتیوں کو چلانے اور پرائیویٹ کشتیوں کو بھی راحت کاری میں لگانے کا وزیراعلیٰ نے حکم دیا۔ سنواد میں ہوئی اس جائزہ میٹنگ میں محکمہ آفات انتظامیہ نے سیلاب کی تباہ کاری اور راحت کاری پر ایک پرزنٹیشن بھی دیا۔ محکمہ صحت کے ذریعہ دواﺅں کی دستیابی ، ڈاکٹروں اور پارا میڈیکل اسٹاف کی ماموری کے سلسلے میں بھی پوری جانکاری دی گئی۔ میٹنگ میں سبھی وزراءاور متعلقہ افسران موجود تھے۔