انسٹی ٹیوٹ آف ہوٹل مینجمنٹ کے طلباوملازمین نے چلائی صفائی مہم

حاجی پور 26ستمبر ( اوم سنگھ): وزارت سیاحت حکومت ہند کے زیرانتظام چلنے والے ہوٹل مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے طلبا اور ملازمین کے ذریعہ حکومت ہند کے ذریعہ چلائی جارہی سوچھتا مہم کے تحت حاجی پورریلوے اسٹیشن کی صفائی کی۔ اس موقع سے شہریوں کے د رمیان بیداری لانے کے مقصد سے انہیں صاف ستھرارہنے اور صفائی رکھنے کے طور طریقے بتائے گئے۔ انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ کے ذریعہ شہریوں کے علاوہ نوجوانوں کو خاص طورپرصلاح دی گئی کہ وہ براہ کرم اسموکنگ اور تمباکو وغیرہ سے دور رہیں ۔ جہاں تک ہوسکے سڑکوں اور راستوں میں نہ تھوکیں۔ اس سلسلے میں مقررین نے شہریوں کو بتایا کہ حکومت کی ملکیت کو اپنی ملکیت کی طرح صاف ستھرا رکھیں اور یہ ذہن میں رکھیں کہ ایک سوچھ ہندوستان کی تعمیر میں ان کا تعاون بہت ہی اہم ہے اور سبھی شہریوں کا یہ فرض ہے کہ وہ اس میں اپنا تعاون دیں۔
انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل ستیش شریواستونے بتایا کہ سوچھ بھارت مہم کے تحت اٹھایا گیا یہ قدم سوچھ اور ترقی یافتہ بھارت بنانے میں اہم رول ادا کرے گا ۔یہاں کے تمام شہریوں کو سوچھتا کے تئیں بیداری قابل تعریف ہے۔ اس صفائی مہم میں انسٹی ٹیوٹ کے کارگذار صدر ملازمین آنندکمار،راکیش داس، انکت کمار، مرتضیٰ کمال وغیرہ کے علاوہ بڑی تعداد میں طلبہ موجود تھے۔