غریب کسان کے یہاں آیا 75.59 کروڑ کا بجلی بل

چھتیس گڑھ 26ستمبر(ایجنسی):مہاسندضلع کے سرائے پالی بلاک کے کسان رام پرساد ساہو کو بجلی محکمہ نے 75کروڑ 59لاکھ روپئے کا بل دیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ بجلی بل بانٹنے والا شخص ایک دن رام پرساد ساہوکے گھر آیا۔ ان کے کچے گھر اور کھلیہان کو دیکھا۔ گھر میں اے سی، کولر یا بجلی سے چلنے والی کوئی بڑی مشین نظرنہیںآئی۔ بل بانٹنے والا شخص تھوڑی دیرکے لئے پریشان ہوا۔ پھر فوراً ہی بجلی بل رام پرساد ساہو کے ہاتھ میں تھما کر رفو چکر ہوگیا۔ دوسری جانب بجلی بل میں صفر کی بھرمار اور متعدداعداد کو دیکھ کر رام پرساد کی پوری فیملی پریشان ہوئی۔ پوری فیملی صدمے میں چلی گئی۔ رام پرساد کے گھر کے لوگ رات بھر یہ سوچتے رہے کہ بجلی بل میں واقعی کوئی گڑبڑی ہے یا بجلی محکمہ نے بجلی کی شرح میں زبردست اضافہ کردیا ہے۔ رام پرساد ڈھائی ایکڑ میں کھیتی کرتے ہیں۔ اس بار زبردست خشک سالی کی وجہ سے ان کی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ اس کے باوجود بھاری بھڑم بل کو دیکھ کر رام پرساد اوران کی فیملی کے لوگ بے حد پریشان تھے۔ دوسرے دن صبح پوری فیملی سرپنچ کے گھر گئی اورپھر دیکھتے دیکھتے سوشل میڈیا پر بجلی بل وائرل ہونے لگا۔ بالآخر ایک شخص نے کمپیوٹر میں رام پرساد کے بجلی بل کو چیک کیا اورپرنٹر سے فوراً ایک نیابل نکال کر انہیں دیاجس میں ریڈنگ کی بنیاد پر 1820روپئے کی ادائیگی کی عبارت درج تھی۔ رام پرساد نے نئے بجلی بل کو دیکھ کر راحت کی سانس لی۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے بجلی بل کی بنیاد پر چھتیس گڑھ اسٹیٹ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر انکت آنند کے مطابق غلط بجلی بل تیار کرنے کے معاملے میں 3ملازمین کو معطل کردیاگیا ہے۔ انہوں نے اسے انسانی غلطی بتاتے ہوئے کہا ہے کہ کمپیوٹر میں ڈاٹا انٹری کرتے وقت چیک وارننگ کے پیغام کو نظرانداز کردیا گیا۔